عمران خان کا اقتدار میں آنا بین الاقوامی سازش تھا، جانا نااہلی ہے: مولانا فضل الرحمان

عمران خان کا اقتدار میں آنا بین الاقوامی سازش تھا، جانا نااہلی ہے: مولانا فضل الرحمان
متحدہ اپوزیشن پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ عمران خان کا اقتدار سے جانا نااہلی جبکہ اقتدار میں آنا بین الاقوامی سازش تھی۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے آج پھر قوم کو بے وقوف بنانے کی کوشش کی اور کہا کہ میرے خلاف بین الاقوامی سازش ہو رہی ہے۔ ہم نے آج تک اس سے بڑھ کر سیاسی اور سفارتی لحاظ سے احمقانہ گفتگو کسی وزیراعظم کے منصب پر بیٹھے ہوئے کسی شخص سے نہیں سنی۔

ان کا کہنا تھا کہ آج جب آپ کے جانے کا وقت ہو چکا ہے، آپ اسے ایک بین الاقوامی سازش قرار دے رہے ہیں جبکہ میں کہہ چکا ہوں اور آج پھر دہرا رہا ہوں کہ آپ کا اقتدار میں آنا ایک بین الاقوامی سازش تھی لیکن جانا آپ کی اپنی نااہلیوں کی وجہ سے ہے۔

انہوں نے کہا کہ دوسروں کو چور چور کہنے والے نے ساڑھے تین سال حکومت کرنے والے شخص نے آج تک کسی کی چوری نہیں پکڑی۔ ہم تمہیں بتائیں گے کہ قوم کیساتھ مذاق کی کیا قیمت ہوتی ہے۔

پی ڈی ایم سربراہ نے کہا کہ عمران خان آج اعتراف شکست کیساتھ قوم سے مخاطب ہوئے کیونکہ ان کا حساب کتاب گھنٹوں کے حساب سے شروع ہو چکا ہے۔ ان کا جانا قوم کیلئے یوم نجات ہوگا کہ ایسے نااہل، نالائق اور ناجائز حکمران سے نجات مل گئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ جن لوگوں کو آپ آج بکائو مال کہہ رہے ہیں، جب ان کو ہی جہازوں میں بھر بھر کر ہمارے خلاف لا کر حکومت بنا رہے تھے تو انھیں باضمیر کہا جاتا ہے۔ ہم عمران خان کے اصل اور اس کی حیثیت کو جانتے ہیں۔ ہمیں پتا کہ ریاست مدینہ کی چادر اوڑھ کر اسلام اور دین کیخلاف کیسی کیسی سازشیں کی جا رہی ہیں۔