وزیراعظم کے دورۂ ترکی سے متعلق اشتہارات کے خلاف دائر درخواست خارج

وزیراعظم کے دورۂ ترکی سے متعلق اشتہارات کے خلاف دائر درخواست خارج
وزیراعظم شہباز شریف کے بیرون ممالک دوروں پر عوامی پیسوں سے اشتہارات شائع کرانے کے خلاف دائر درخواست عدالت نے خارج کردی۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما علی نواز اعوان کی دائر درخواست پر سماعت کی اور فیصلہ محفوظ کیا۔

بعدازاں محفوظ شدہ فیصلہ سناتے ہوئے چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ نے پی ٹی آئی کی درخواست ناقابل سماعت دیتے ہوئے خارج کردی۔

فیصلے میں کہا گیا کہ عدالت نے بڑی احتیاط سے اخبارات میں چھپے اشتہار کا جائزہ لیا۔

عدالت کا کہنا تھا کہ اشتہار وزیراعظم کی ذاتی تشہیر نہیں بلکہ پاکستان اور ترکی کے خصوصی تعلقات سے متعلق تھے اور اشتہار میں ترک صدر کی تصویر بھی لگائی گئی تھی۔

خیال رہے کہ 31 مئی کو وزیراعظم شہباز شریف کے ترکی کے 3 روزہ دورے پر روانہ ہونے پر اس مناسبت سے ملک کے مؤقر روزناموں کے صفحہ اول پر دورۂ ترکی سے متعلق اشتہارات شائع ہوئے تھے۔

تاہم ملک میں جاری مہنگائی کی لہر اور معیشت کی ڈانواں ڈول صورتحال کے تناظر میں حکومت کی جانب سے اشتہارات کی اشاعت نے عوام کی سخت تنقید کو جنم دیا تھا۔

اس کے خلاف اسلام آباد ہائی کورٹ میں دائر درخواست میں پی ٹی آئی رہنما علی نواز اعوان نے غیر ملکی دوروں پر پبلک فنڈز کے استعمال کو چیلنج کیا تھا۔