بھارتی پنجاب کی عام آدمی پارٹی حکومت کا 300 یونٹ استعمال پر بجلی مفت دینے کا اعلان

بھارتی پنجاب کی عام آدمی پارٹی حکومت کا 300 یونٹ استعمال پر بجلی مفت دینے کا اعلان
بھارتی ریاست پنجاب میں عام آدمی پارٹی کی حکومت نے 300 یونٹ تک استعمال کرنے پر بجلی مفت کرنے کا اعلان کیا ہے۔

پہلی بار بھارتی پنجاب میں اقتدار میں آنے والی عام آدمی پارٹی نے 300 یونٹ تک استعمال کرنے والے گھریلو صارفین کو فری بجلی دینے کا اعلان کردیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق جمعے کے روز بھارتی پنجاب کے وزیر اعلیٰ بھگونت مان نے ایک ویڈیو پیغام میں اعلان کیا کہ رواں ماہ سے 300 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے صارفین کے لیے بجلی مفت ہوگی۔

رپورٹس کے مطابق گزشتہ سال انتخابی مہم کے دوران عام آدمی پارٹی کے سربراہ اور نئی دہلی کے وزیراعلیٰ اروند کجریوال نے اپنے منشور میں پنجاب کے لوگوں سے وعدہ کیا تھا کہ اگر ان کی پارٹی پنجاب میں کامیاب ہوگئی تو وہ صارفین کو 300 یونٹ مفت بجلی فراہم کریں گے۔

عام آدمی پارٹی کے سینیئر رہنما راگھو چڈھا نے کہا کہ پنجاب اب دہلی کے بعد مفت بجلی فراہم کرنے والی ملک کی دوسری ریاست بن گئی ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان میں بھی وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز شریف نے آج صوبے میں 100 یونٹ تک استعمال کرنے والے گھریلو صارفین کو مفت بجلی دینےکا اعلان کیا ہے۔