ملک میں جاری سیاسی عدم استحکام کی وجہ سے اسٹاک مارکیٹ میں شدید مندی

ملک میں جاری سیاسی عدم استحکام کی وجہ سے اسٹاک مارکیٹ میں شدید مندی
پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں جمعے کے روز انٹرا ٹریڈنگ کے دوران مندی رہی اور کے ایس ای 100 انڈیکس 290 سے زائد پوائنٹس گر گیا۔

پی ایس ایکس کی ویب سائٹ کے مطابق کے ایس ای 100 انڈیکس صبح 11 بج کر 30 منٹ تک 290.75 پوائنٹس گر کر 39 ہزار 541 پوائنٹس پر آ گیا جو کہ کل 39 ہزار 831.75 پر بند ہوا تھا۔

اس کے بعد ایس ای 100 انڈیکس میں معمولی بہتری ہوئی اور نماز جمعہ کے وقفے سے قبل 105.27 کی کمی سے39 ہزار 726.48 پوائنٹس پر آ گیا۔

انٹر مارکیٹ سکیورٹیز کے ریسرچ سربراہ رضا جعفری نے کہا کہ کے ایس ای 100 انڈیکسمیں گزشتہ چند دنوں کے مقابلے میں اب تک صورتحال بہتر ہے۔

انہوں نے کہا اسٹیٹ بینک آف پاکستان واضح کیا ہے کہ پاکستان کے بارے میں تحفظات اور خدشات کو غیر ضروری طور پر بڑھا چڑھا کر بتایاجا رہا ہے ہیں اور اس بیان اور وضاحت سے مارکیٹ کے استحکام میں مدد مل سکتی ہے۔

واضح رہے کہ ملک میں پہلے سے سیاسی غیر یقینی ہے اور پنجاب میں ہونے والے ضمنی انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی جانب سے اتحادی حکومت کی سب سے بڑی جماعت پاکستان مسلم لیگ (ن) کو تاریخی شکست دینے کے بعد یہ غیریقینی مزید بڑھ گئی ہے اور اب پی ٹی آئی اس کامیابی کے بعد قبل از وقت انتخابات کا مطالبہ کر رہی ہے۔