'پی ٹی آئی ممنوعہ فنڈنگ کیس کا محفوظ فیصلہ جلد سنائے جانے کا امکان'

'پی ٹی آئی ممنوعہ فنڈنگ کیس کا محفوظ فیصلہ جلد سنائے جانے کا امکان'
الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) ممنوعہ فنڈنگ کیس کا محفوظ فیصلہ جلد سنانے کا امکان ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن نے کیس سے متعلق مشاورت شروع کر دی ہے۔

ممنوعہ فنڈنگ کیس کو روزانہ کی بنیاد پر مکمل کیا جائے گا۔ الیکشن کمیشن کا فیصلہ سینکڑوں صفحات پر مشتمل ہو گا۔ الیکشن کمیشن کی قانونی ٹیم فیصلے سے متعلق معاونت کرے گی۔

ذرائع کے مطابق ممنوعہ فنڈنگ کیس کا فیصلہ اگست کے وسط تک سنائے جانے کا امکان ہے۔ 8 سالہ کیس کی سماعت اور دستاویزات کا بغور جائزہ لینا شروع کر دیا گیا ہے۔

اس سلسلے میں چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا کے زیر صدارت روزانہ کی بنیاد پر اجلاس ہونا شروع ہو چکے ہیں۔ سٹیٹ بینک کے اعدادوشمار اور سکروٹنی کمیٹی کی فائنڈنگ کو دیکھا جا رہا ہے۔ ممنوعہ فنڈنگ کیس کے فیصلے کی نگرانی چیف الیکشن کمشنر خود کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں: غیر ملکی فنڈنگ کیس کا فیصلہ جاری نہ کریں، چیف الیکشن کمشنر پر دباؤ ڈالا جا رہا ہے، طلعت حسین

دوسری جانب سینئر صحافی سید طلعت حسین نے معتبر ذرائع کے حوالے سے خبر دی ہے کہ نامعلوم افراد کی طرف سے چیف الیکشن کمشنر پر دباؤ ڈالنے کا انکشاف ہوا ہے۔ ان کو کہا جا رہا ہے کہ فارن فنڈنگ کا فیصلہ ابھی جاری نہ کریں۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری بیان میں ان کا کہنا تھا کہ چیف الیکشن کمشنر کو فارن فنڈنگ کیس میں فیصلہ دینے سے نامعلوم افراد نے اس وجہ سے روکا ہے کہ کہیں ملک میں حالات مزید خراب نہ ہو جائیں۔ ادھر ادھر سے دباو کی وجہ سے چیف صاحب بہت پریشان ہیں۔