پی ڈی ایم نے عمران خان کی نا اہلی کے لیے الیکشن کمیشن میں ریفرنس دائر کر دیا

پی ڈی ایم نے عمران خان کی نا اہلی کے لیے الیکشن کمیشن میں ریفرنس دائر کر دیا
حکومتی اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ ‏( پی ڈی ایم) نے تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی نااہلی کیلئے 62 ون ایف کے تحت الیکشن کمیشن میں ریفرنس دائر کر دیا ہے۔ یہ ریفرنس مسلم لیگ ن کے رہنما محسن شاہنواز رانجھا نے دائر کیا۔

ریفرنس کے متن میں کہا گیا ہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان نے توشہ خانہ سے ملنے والے تحائف اثاثوں میں ظاہر نہیں کیا۔ عمران خان کو آئین کے آرٹیکل 62 ون ایف کے تحت نااہل کیا جائے۔

اس حوالے سے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے محسن شاہنواز رانجھا کا کہنا تھا کہ پاکستان انفارمیشن کمیشن سے کچھ دستاویزات توشہ خانہ سے متعلق مانگی گئیں لیکن عمران خان نے کیبنٹ کے ذریعے دستاویز دینے سے روک دیا۔

محسن شاہنواز رانجھا کا کہنا تھا کہ عمران خان نے تحائف کی رپورٹ خفیہ رکھی۔ میاں گل نے عمران خان کو دیئے گئے تحفوں کی تفصیلات سامنے لانے کو کہا۔ عمران نیازی کے گوشواروں کی تفصیلات کیلئے ہم نے سپیکر سے درخواست کی۔



لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن سے عمران خان کا ہم نے 2018 اور 19 کا گوشوارہ لیا۔ جب رپورٹ نکلوائی تو معلوم ہوا کہ توشہ خانہ میں کتنا گھپلا ہوا۔ 10 کروڑ سے زائد مالیت کی گھڑیاں 2 کروڑ میں توشہ خانہ سے لی گئیں۔

ان کا کہنا تھا کہ کیبنٹ ڈویژن کو توشہ خانہ کی انفارمیشن چھپانے کیلئے استعمال کیا گیا۔ عمران خان نے قوم کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کی کوشش کی۔ ہم ان کا اصل چہرہ عوام کے سامنے لائیں گے۔

انہوں نے چیئرمین پی ٹی آئی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان تم نے پاکستانی قوم سے اتنا جھوٹ بولا ہے، کب تک خیر مناؤ گے۔ عمران خان تم نہ صادق ہو نہ امین ہو۔ الیکشن کمیشن میں جمع کرائے گئے گوشواروں میں توشہ خانہ تحائف کا کوئی ذکر نہیں ہے۔

محسن شاہنواز نے کہا کہ گوشواروں  میں بہت سے تحائف ظاہر نہیں کئے گئے اور حلف نامہ دیا کے سب ظاہر ہے۔ عمران خان جھوٹا ہونے کے علاوہ ٹیکس چور بھی ثابت ہو گئے۔ عمران خان نے ٹیکس چوری کی، جھوٹا حلف نامہ دیا اور اختیارات کا غلط استعمال کیا۔