ممنوعہ فنڈنگ کیس: ایف آئی اے نے اسد قیصر کو طلب کرلیا

ممنوعہ فنڈنگ کیس: ایف آئی اے نے اسد قیصر کو طلب کرلیا
تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی ممنوعہ فنڈنگ کیس کا فیصلہ سامنے آنے کے بعد فیڈرل انوسٹی گیشن ایجنسی نے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ اس حوالے سے سابق سپیکر قومی اسمبلی اور اسد قیصر کو 11 اگست کو طلب کر لیا گیا ہے۔

اسد قیصر سے کہا گیا ہے کہ وہ ایف آئی اے پشاور کے دفتر میں پیش ہوں۔ پی ٹی آئی خیبر پختونخوا کے ترجمان ظاہر شاہ طورو نے کہا ہے کہ ممنوعہ فنڈنگ کیس کو ہم کیس سمجھتے ہی نہیں۔ سپریم کورٹ کا ایک فیصلہ اس کیس کو ختم کر دے گا۔ باقی جماعتوں کی طرح ہم عوام کا پیسہ نہیں کھاتے۔

واضح رہے کہ جمعے کو الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کو ممنوعہ فنڈنگ کیس اور نااہلی کے حوالے سے طلب کرتے ہوئے نوٹسز جاری کئے تھے۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری ہونے والے نوٹسز میں سے ایک میں عمران خان سے ممنوعہ فنڈنگ کیس کے حوالے سے وضاحت طلب کی گئی ہے، جس کی سماعت 23 اگست کو ہو گی۔ دوسرا اور تیسرا نوٹس سابق وزیراعظم کی نااہلی کے حوالے سے ہے، جن کی سماعت 18 اور 24 اگست کو ہوگی۔

2 اگست کو الیکشن کمیشن نے تحریک انصاف کے خلاف ممنوعہ فنڈنگ کیس کے فیصلے میں قرار دیا تھا کہ ’پی ٹی آئی نے ممنوعہ فنڈز حاصل کیے۔ الیکشن کمیشن سے 16 ایسے اکاؤنٹس چھپائے جو جماعت کی اعلٰی قیادت چلا رہی تھی۔ عمران خان کے بیان حلفی میں غلط بیانی کی گئی ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے بھی جعمرات کو کہا تھا کہ وفاقی کابینہ نے ایف آئی اے کو ہدایت کی ہے کہ وہ ممنوعہ فنڈنگ کے حوالے سے مکمل تحقیقات کرے، خاص کر منی لانڈرنگ کے حوالے سے۔ جو تمام افراد جو اس جرم میں شامل ہیں ان سب کے خلاف بھی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔