'لاالہ الااللہ' کا مطلب ہے کہ اللہ میں کوئی ایسی چیز نہیں کروں گا جس سے ضمیر بیچوں، عمران خان

'لاالہ الااللہ' کا مطلب ہے کہ اللہ میں کوئی ایسی چیز نہیں کروں گا جس سے ضمیر بیچوں، عمران خان
سابق وزیراعطم عمران خان نے لا الہ الاللہ کا مطلب بتاتے ہوئے کہا ہے کہ اس کا مطلب ہے کہ اللہ میں کوئی ایسی چیز نہیں کروں گا جس سے ضمیر بیچوں۔

بہاولپور میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ جو لا الہ الاللہ کا مطلب سمجھ جاتا ہے وہ کبھی لوٹا نہیں بنتا۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ بڑی مونچھوں والا لوٹا ساڑھے تین سال حکومت میں بیٹھا عیاشی کرتا رہا، ساڑھے تین سال حکومت میں رہا پھر لوٹے نے منہ دوسری طرف کرلیا۔

جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ قوم بیدار ہوچکی ہے، لوٹوں کے دن ختم ہوگئے، بے ضمیر اور ضمیر فروش پرانے پاکستان میں رہ گئے۔

عمران خان نے کہا کہ شہباز شریف قوم تو محنت کر رہی ہے تم پیسا چوری کرکے باہر لے جاتے ہو، آپ نے کبھی ایسے لیڈر کے ساتھ نہیں جانا جو بیرون ملک مانگنے جائیں، دس سال پہلے ان سے پوچھا اربوں کی جائیداد ہے پیسا کہاں سے آیا؟ مریم نواز کہتی ہے لندن تو کیا پاکستان میں بھی کوئی جائیداد نہیں ہے۔

پی ٹی آئی چیئرمین نے مزید کہا کہ صدقے جاؤں، مریم نواز کو احساس پروگرام میں ڈال دیتا ہوں، مریم بے چاری کے پاس جائیداد نہیں، دو وقت کا کھانا نہیں کھا سکتی، مریم کے صحت مند بھائی کہتے ہیں الحمداللّٰہ جائیدادیں ہماری ہیں۔

عمران خان نے کہا کہ شریف اور زرداری خاندان 30 سال سے ملک کا پیسا چوری کر رہا ہے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ چیری بلاسم اور جو تمہارے پیچھے ہیں سن لو، جتنا تم مجھے ڈرانے، دبانے کی کوشش کرو گے میں اتنا ہی مقابلہ کروں گا، گھبرا کر پیچھے ہٹنے والا نہیں ہوں، سن لو ایک کال دوں گا تو تمہیں اسلام آباد میں چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی، اس کال کے میں قریب پہنچنے جا رہا ہوں۔