بابر اعظم کا مستحق طلبہ وطالبات کی تعلیم کا خرچ اٹھانے کا اعلان

بابر اعظم کا مستحق طلبہ وطالبات کی تعلیم کا خرچ اٹھانے کا اعلان
پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے’ن پاکستان‘ نامی ادارے کے توسط سے مستحق طلبہ وطالبات کی تعلیم کا خرچ اٹھانے کا اعلان کر دیا ہے۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری اپنے بیان میں بابر اعظم نے بتایا کہ میں ایڈ ٹیک پلیٹ فارم 'ن' کے ذریعے 250 مستحق طلبہ وطالبات کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنے کا اعلان کرتا ہوں۔

بابر اعظم نے لکھا کہ میں اس کو اپنے رول ماڈل والد محمد اعظم اور سایہ کارپوریشن کے نام وقف کرنا چاہتا ہوں۔ خیال رہے کہ 'ن' ایک ای لرننگ پلیٹ فارم ہے جو 8 ممالک میں مفت آن لائن تعلیم فراہم کر رہا ہے۔

قومی کپتان بابر اعظم کے اعلان کے بعد انہیں بہت سراہا جا رہا ہے۔ سوشل میڈیا صارفین کا کہنا ہے کہ یہ تعلیمی شعبے کی بہتری کی طرف اچھا قدم ہے جس سے مستحق بچوں کی مدد ہو سکے گی۔

https://twitter.com/babarazam258/status/1452686810958729216?ref_src=twsrc%5Etfw%7Ctwcamp%5Etweetembed%7Ctwterm%5E1452686810958729216%7Ctwgr%5E%7Ctwcon%5Es1_c10&ref_url=https%3A%2F%2Fwww.urdunews.com%2Fnode%2F612556

ایک صارف نے لکھا کہ بابر اعظم آپ ہمارے کپتان ہیں جو ملک کی صحیح معنوں میں بہترین نمائندگی کر رہے ہیں۔

محمد طارق نامی صارف نے کہا کہ بابر اعظم ہمیں آپ پر فخر ہے، ہمیں یہی کرنے کی ضرورت ہے، دوسروں کی مدد کرنا اور ان کو تعلیم کے ذریعے اوپر لانا۔

سعد نامی سوشل میڈیا صارف نے بابر اعظم کی اچھی تربیت کا کریڈٹ ان کے والدین کو دیتے ہوئے کہا کہ ’آپ پھر اپنے والدین کا سر فخر سے اونچا کررہے ہیں۔

خیال رہے کہ اس ادارے کی ویب سائٹ کے مطابق اس کے تحت عراق، بھارت، اردن، کویت، عمان، مصر، سعودی عرب اور پاکستان میں بچوں کو مفت آن لائن تعلیم فراہم کی جاتی ہے۔ یہ ادارہ تقریباً نوے لاکھ طلبہ وطالبات کو تعلیم دے رہا ہے اور ایک لاکھ اساتذہ اس کے نیٹ ورک کا حصہ ہیں۔