پاکستان اور انڈیا کے درمیان اب میچ کب ہوگا؟ خوش ہوجائیے، جلد آ رہے ہیں چار مواقع

پاکستان اور انڈیا کے درمیان اب میچ کب ہوگا؟ خوش ہوجائیے، جلد آ رہے ہیں چار مواقع
پاکستان اور انڈیا کے درمیان کرکٹ میچ کا انتظار دونوں ممالک کی عوام بے صبری سے کرتے ہیں۔ حال ہی میں ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں ان دونوں ٹیموں کے درمیان میچ ہوا۔ ہندوستانی ٹیم دس وکٹوں سے سپر 12 مرحلہ کے میچ میں پاکستان سے ہار گئی تھی۔

یہ پہلا موقع تھا جب ورلڈ کپ میں پاکستانی ٹیم نے بھارت کو شکست سے دوچار کیا تھا۔ اب دونوں ممالک کی عوام پھر سے کرکٹ ٹیموں کو آمنے سامنے دیکھنا چاہتے ہیں۔

خیال رہے کہ انڈین ٹیم ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں سیمی فائنل کی ریس سے باہر ہو گئی ہے۔ گروپ ٹو سے پاکستان اور نیوزی لینڈ نے ناک آئوٹ مرحلے میں جگہ بنا لی ہے۔

لیجنڈ گیند باز شعیب اختر نے بھی امید ظاہر کی تھی انڈیا اور پاکستان ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے فائنل میں آمنے سامنے ہو سکتے ہیں لیکن اب یہ ممکن نہیں ہے۔

2022ء میں سری لنکا کی میزبانی میں ایشیا کپ کھیلا جانا ہے۔ انڈیا اور پاکستان دونوں ہی اس ٹی ٹونٹی ٹورنامنٹ میں کھیلیں گی۔

ایسے میں صاف ظاہر ہے کہ ان دو ٹیموں کے درمیان میچ ضرور ہوگا۔ 1983ء سے کھیلے جا رہے ایشیا کپ کا انعقاد 2018 میں ہوا تھا۔ اس وقت انڈین ٹیم نے فائنل میں بنگلا دیش کو ہرا کر ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔

اس ٹورنامنٹ میں انڈیا اور پاکستان کے درمیان میچ ہوا تھا ۔ ہندوستان نے اس وقت روہت شرما کی کپتانی میں 9 وکٹ سے شاندار فتح اپنے کی تھی۔

اس کے علاوہ دو سال بعد بھی انڈیا اور پاکستان کی ٹیموں کے درمیان میچ ہوگا۔ انڈین ٹیم 2023ء میں پاکستان جا سکتی ہے۔ ایشین کرکٹ کونسل کی میٹنگ میں 2023ء میں ہونے والے ون ڈے ایشیا کپ کے انعقاد کی ذمہ داری پاکستان کو دی گئی ہے۔

بتا دیں کہ 2023ء میں ون ڈے ورلڈ کپ کا انعقاد ہندوستان میں ہونا ہے۔ ایسے میں پاکستان کی ٹیم اس دوران ہندوستان آئے گی۔

آئندہ سال ہی آسٹریلیا کی میزبانی میں ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کا انعقاد ہونا ہے۔ اکتوبر، نومبر 2022ء میں ہونے والے اس ٹورنامنٹ میں بھی انڈیا اور پاکستان کی ٹیمیں آپس میں مقابلہ کرتی نظر آئیں گی۔

کورونا کی وجہ سے ہندوستان کی میزبانی میں ہونے والے ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ 2021ء کو یو اے ای میں منعقد کیا گیا، نہیں تو ہندوستان میں ہی پاکستان کی ٹیم پڑوسی ملک کا سامنا کرتی۔