'عمران خان کی پی ٹی آئی پر گرفت کمزور ہو رہی ہے'

تجزیہ کار نے کہا کہ پی ٹی آئی کے اندر ہی ایک فوج کا حامی گروپ بن گیا ہے جو  9 مئی کے فسادات میں ملوث پارٹی رہنماؤں اور کارکنوں کے خلاف کارروائی چاہتا ہے۔

'عمران خان کی پی ٹی آئی پر گرفت کمزور ہو رہی ہے'

پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان اپنی پارٹی پر گرفت کھو رہے ہیں کیونکہ پارٹی کے اندر سے ایک فوج  کا حامی گروپ سامنے آگیا ہے جو چاہتا ہے کہ فوج مخالف لوگوں کے ساتھ سختی کی جائے۔

نیا دور ٹی وی پر ایک پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے سینئر تجزیہ کار مزمل سہروردی نے کہا کہ پی ٹی آئی کے بیرون ملک مقیم کارکنوں نے آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کے دورہ امریکہ پر کوئی احتجاج نہیں کیا بلکہ پی ٹی آئی سے وابستہ پاکستانی ڈاکٹروں نے آرمی چیف کے اعزاز میں دیے گئے عشائیے میں بھی شرکت کی۔

تجزیہ کار نے انکشاف کیا کہ پی ٹی آئی رہنماؤں عمر ایوب اور شیر افضل مروت نے پی ٹی آئی کے بیرون ملک مقیم کارکنوں کو ہدایت کی تھی کہ آرمی چیف کی آمد پر کوئی احتجاج نہ کیا جائے، بلکہ ان کا استقبال کیا جائے۔ تاہم عمران خان کی جانب سے یہ دعویٰ سامنے آیا ہے کہ انہوں نے پی ٹی آئی کے بیرون ملک مقیم کارکنوں کو سخت احتجاج کرنے کا حکم دیا تھا۔ وہ تو چاہتے ہیں کہ پارٹی فوج پر پریشر ڈالے تاکہ ان کی رہائی کے حوالے سے کوئی پیشرفت سامنےآئے۔

مزمل سہروردی نے کہا کہ پی ٹی آئی کے سینئر نائب صدر شیر افضل مروت چار دن نظربند رہنے کے بعد مکمل طور پر تبدیل ہو چکے ہیں۔ اب وہ دبئی میں اپنی فیملی کے ساتھ چھٹیاں گزار رہے ہیں۔  اگر وہ اس سارے معاملے میں سہولتکاری نہ کر رہے ہوتے تو ان کو بھی ائیرپورٹ پر گرفتار کر لیا جاتا لیکن اس کے برعکس وہ آرام سے دبئی میں چھٹیاں گزار رہے ہیں۔

تجزیہ کار نے کہا کہ پی ٹی آئی کے اندر ہی ایک فوج کا حامی گروپ بن گیا ہے جو  9 مئی کے فسادات میں ملوث پارٹی رہنماؤں اور کارکنوں کے خلاف کارروائی چاہتا ہے۔

ایک سوال کے جواب میں تجزیہ کار نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کی تاحیات نااہلی جلد معطل ہو جائے گی۔

ایک اور سوال کے جواب میں مزمل سہروردی نے کہا کہ ریاست پی ٹی آئی کو بلے کے نشان پر الیکشن لڑنے کی اجازت نہیں دینا چاہتی۔ اور پشاور ہائی کورٹ (پی ایچ سی) پی ٹی آئی کو مزید سہولت فراہم کرنے کی پوزیشن میں نہیں ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ معاملہ سپریم کورٹ میں حل ہو جائے گااور پی ٹی آئی کو ’بلے‘ کا نشان دوبارہ حاصل کرنے کے لیے طویل جنگ لڑنی ہوگی۔

پی ٹی آئی رہنما جمشید دستی کی اس ویڈیو سے متعلق سوال کا جواب دیتے ہوئے جس میں انہوں نے الزام لگایا تھا کہ پولیس نے ان کی رہائش گاہ پر چھاپہ مارا اور ان کی اہلیہ اور 10 ماہ کے بیٹے کو ہراساں کیا، تجزیہ کار نے کہا کہ یہ ویڈیو اس پروپیگنڈے کا حصہ ہے جس پر پی ٹی آئی پاکستان کو بین الاقوامی سطح پر بدنام کرنے کے لیے کر رہی ہے۔