واٹس ایپ نے ایک نئے فیچر کی آزمائش شروع کردی ہے جو صارفین کی جانب سے بھیجے جانے والے پیغامات ایک مخصوص وقت کے بعد خودکار طور پر ڈیلیٹ یا غائب ہو جائیں گے۔
سماجی رابطوں کی معروف ایپ ’ واٹس ایپ‘ آئے دِنوں اپنی ایپ میں جدّت لانے کے لیے نئے نئے فیچرز متعارف کروا رہا ہے، کمپنی اِس وقت ایک ایسے فیچر کو آزما رہی ہے جس میں صارف کی جانب سے بھیجا جانے والا پیغام خود ہی غائب ہوجائے گا۔
ایپ کا یہ فیچر اِس وقت آزمائشی مرحلے میں ہے جب کہ اِسے متعارف کرانے کا مقصد صا رفین کی گفتگو کی رازداری کو بہتر بنانا ہے، نئے فیچر میں بھیجا جانے والا پیغام ’چیٹ وِنڈو‘ سے خود ہی غائب ہوجائے گا جس کی وجہ سے لوگوں کے درمیان ہونے والی گفتگو کی رازداری محفوظ ہوجائے گی۔
اگرچہ یہ فیچر فی الحال عام صارفین کے لیے نہیں مگر خودکار طور پر ڈیلیٹ ہوجانے والے پیغامات حساس معلومات بھیجنے کے حوالے سے کارآمد ثابت ہوگا۔ ٹیلیگرام نے یہ فیچر اپنی ایپ میں پہلے ہی متعارف کرا دیا ہے اور اب فیس بک اسے اپنی مقبول ترین میسجنگ ایپ میں اسے پیش کرنے والی ہے۔
واٹس ایپ کی جانب سے صارفین کے تحفظ اور پرائیویسی کے حوالے سے فیچرز کو کافی عرصے سے بہتر بنایا جارہا ہے، پہلے انکرپشن کو شامل کیا گیا جبکہ گزشتہ سال اپلیکشن میں کسی پیغام کو بھیجے جانے کے بعد ڈیلیٹ کرنے کا وقت بڑھا کر ایک گھنٹہ، 8 منٹ اور 16 سیکنڈ کردیا، جو اس سے پہلے 7 منٹ تھا۔