عمران خان پر حملہ، ملزم کا اعترافی بیان ریکارڈ کرنے کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی

10:18 AM, 5 Jan, 2023

نیا دور
وزیرآباد میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان پر حملے کے ملزم نوید بشیر کا اعترافی ویڈیو بیان کیسے ریکارڈ ہوا، پولیس اسٹیشن کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی ہے۔

عمران خان پر حملے کے بعد گرفتار ہونے والے ملزم نوید بشیر کا ویڈیو بیان آر پی او گجرات کے کمرے میں ریکارڈ کی گئی جبکہ 2 منٹ 22 سیکنڈ ک ویڈیو کلپ میں موجود پولیس اہلکاروں کو ویڈیو شوٹ کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

سی سی ٹی وی کے مطابق ڈی پی او گجرات اپنا موبائل فون ایس ایچ او کے حوالے کرتے ہیں۔ ایس ایچ او نے اس موبائل فون سے ملزم نوید کا اعترافی بیان ریکارڈ کیا۔

ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایس ایچ او نے ملزم کا بیان ریکارڈ کرنے کے بعد موبائل فون ڈی پی او کو واپس دے دیا۔ مبینہ ویڈیو میں بیان ریکارڈ کراتے ہوئے ملزم نظر نہیں آرہا۔ فوٹیج پر تاریخ 3 نومبر 2022 اور ریکارڈنگ کا وقت5 بج کر 28 منٹ درج ہے.

واضح رہے کہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان پر وزیرآباد میں 3 نومبر کو فائرنگ کی گئی تھی جس میں عمران خان سمیت متعدد افراد زخمی جب کہ پی ٹی آئی کا ایک کارکن جاں بحق ہوگیا تھا۔ ملزم کے اعترافی بیان کی ویڈیو لیک ہونے کے بعد ایس ایچ او کے خلاف انکوائری شروع کر دی گئی تھی۔
مزیدخبریں