Get Alerts

عورتوں کا عالمی دن مغرب سے آیا؟ تاریخ تو کچھ اور بتاتی ہے

عورتوں کا عالمی دن مغرب سے آیا؟ تاریخ تو کچھ اور بتاتی ہے
لاہور: خواتین کا عالمی دن ہر سال آٹھ مارچ کو منایا جاتا ہے۔ یہ دن خواتین کے حقوق اجاگر کرنے کے حوالے سے مختص ہے۔ کئی ممالک میں خواتین کے عالمی دن پر تعطیل ہوتی ہے۔ کئی ملکوں میں اسے احتجاج کے دن کے طور پر منایا جاتا ہے جبکہ بعض میں اس دن نسوانیت کا جشن بھی منایا جاتا ہے۔

خواتین کے عالمی دن کے موقع پر دنیا کے مختلف ممالک جن میں روس، ویت نام، چین اور بلغاریہ میں خواتین کے عالمی دن پر عام تعطیل ہوتی ہے، یہ دن خواتین کی ’’جدوجہد‘‘ کی علامت ہے۔

تاریخ:

1908 میں 1500 عورتیں مختصر اوقاتِ کار، بہتر اجرت اور ووٹنگ کے حق کے مطالبات منوانے کے لئے نیویارک کی سڑکوں پر مارچ کرنے نکلیں۔ ان کے خلاف نہ صرف گھڑ سوار دستوں نے کارروائی کی بلکہ ان پر پتھر برسائے گئے اور ان میں سے بہت سی عورتوں کو گرفتار بھی کیا گیا۔ 1909 میں سوشلسٹ پارٹی آف امریکہ نے عورتوں کا دن منانے کی قرارداد منظور کی اور پہلی بار اسی سال 28 فروری کو امریکہ بھر میں عورتوں کا دن منایا گیا اور اس کے بعد 1913 تک ہر سال فروری کے آخری اتوار کو عورتوں کا دن منایا جاتا رہا۔ 1910 میں کوپن ہیگن میں ملازمت پیشہ خواتین کی دوسری عالمی کانفرنس منعقد ہوئی جس میں جرمنی کی سوشل ڈیموکریٹک پارٹی کی کلارا زیٹکن نے ہر سال دنیا بھر میں عورتوں کا دن منانے کی تجویز پیش کی جسے کانفرنس میں شریک سترہ ممالک کی 100 خواتین شرکا نے متفقہ طور پر منظور کیا۔

1911 میں 19 مارچ کو پہلی بار خواتین کا عالمی دن منایا گیا۔ فروری 1913 میں پہلی بار روس میں خواتین نے عورتوں کا عالمی دن منایا تاہم اسی سال اس دن کے لئے آٹھ مارچ کی تاریخ مخصوص کر دی گئی۔ 1917 میں سوؤیت انقلاب کے بعد اس دن کو روس میں سرکاری سطح پر تسلیم کرنے کے بعد اسے کمیونسٹ اور سوشلسٹ ممالک میں چھٹی کے طور پر منایا گیا۔ 1922 سے اسے چین میں کمیونسٹوں اور 1936 سے ہسپانوی کمیونسٹوں کی جانب سے بھی منایا جانے لگا۔ یکم اکتوبر 1949 کو عوامی جمہوریہ چین کے قیام کے بعد ریاست کونسل نے 23 دسمبر کو اعلان کیا کہ 8 مارچ یومِ خواتین کے طور پر نہ صرف منایا جائے گا بلکہ اس دن سرکاری سطح پر آدھی چھٹی بھی ہوگی۔ 1975 کے بعداقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی نے رکن ممالک کو مدعو کیا اور 8 مارچ کوخواتین کے حقوق اور عالمی امن کے طور پر منائے جانے کا اعلان کیا۔ اس کے بعد سے مغربی ممالک سمیت دنیا بھر میں اس دن کو ایک مقبول تہوار کے طور پر منایا جانے لگا۔