کرونا وائرس کی ہولناکیاں جاری ہیں ۔ اور ایک دن میں کرونا وائرس کی جانب سے 133 افراد نگلنے کے بعد اٹلی کو مکمل طور پر بند کر دیا گیا ہے یوں 6 کروڑ لوگ لاک ڈاون میں ہیں۔ اٹلی میں 9000 افراد کرونا وائرس سے متاثر ہیں جب کہ 500 کے قریب ہلاک ہوچکے ہیں۔
اٹلی کے وزیر اعظم گیوسپے کونٹ نے اپنے اعلان میں کہا ہے کہ کرونا وائرس کے پھیلاؤ کی شرح خطرناک حد تک بڑھ چکی ہے اور انہیں مزید ٹھوس اور مربوط اقدامات لینے کی ضرورت ہے۔ پہلے اٹلی کے شمالی حصے کو بند کیا گیا تھا مگر اب پورے ملک کو قرنطینہ کرنے کے احکامات جاری کر دئے گئے ہیں ۔
اطالوی شہریوں پر سفری پابندی عائد ہے ماسوائے انکے جنہیں ناگزیر وجوہات کی بنا پر سفر کرنا ہو۔ ساتھ ہی ساتھ شہریوں کو آپس میں کم از کم تین فٹ کا فاصلہ رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ عوامی اجتماعات پر بھی مکمل پابندی عائد ہے۔ فٹبال میچز ، شادیوں جنازوں اور مذہبی اجتماعات پر پابندی عائد کر دی گئی ہے جبکہ سکول اور یونیورسٹیاں بھی ایک ماہ کے لیے بند رہیں گی۔