قمر جاوید باجوہ کا شہباز شریف کو فون

قمر جاوید باجوہ کا شہباز شریف کو فون
پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ کا پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف کو ٹیلی فون، کرونا ٹیسٹ پازیٹیو آنے پر اظہار تشویش کیا۔

تفصیلات کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ٹیلی فون پر شہباز شریف کی مزاج پرسی کی اور کرونا پازیٹیو ہونے پر اظہار تشویش کیا۔ آرمی چیف نے شہباز شریف کی جلد صحت یابی کی دعا کی اور علاج معالجے میں معاونت کا بھی دریافت کیا۔

شہباز شریف نے مزاج پرسی کے لیے ٹیلی فون کرنے پر آرمی چیف کا شکریہ ادا کیا۔

اس حوالے سے سینئر تجزیہ کار مرتضیٰ سولنگی نے سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹویٹر پر لکھا کہ آج فوج کے سربراہ نے شہباز شریف کو فون کر کے ان کی خیریت معلوم کی ہے جب کہ تھوڑی دیر پہلے وزیراعظم عمران خان نے بیمار شہباز شریف کا ٹی وی پر براہ راست تقریر میں مذاق اڑایا ہے۔ خدا کسی کو بھی کم ظرف مخالف نہ دے۔ آمین۔



یاد رہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف میاں شہباز شریف کا کرونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔ شہباز شریف نے ماڈل ٹاؤن رہائشگاہ پر اپنے آپ کو قرنطینہ کر لیا ہے اور ڈاکٹروں کی ہدایات پر عمل کر رہے ہیں۔

اس متعلق (ن) لیگی رہنما عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ قوم سے دعاؤں کی درخواست ہے، اللہ تعالی شہباز شریف کو جلد صحتیاب کرے، شہبازشریف کو ان حالات میں نیب میں طلب کر کے ان کی زندگی کو خطرے میں ڈالا گیا ہے۔ تحریری طور پر نیب کو متعدد بار آگاہ کیا کہ شہباز شریف کینسر کے مرض میں مبتلا رہے ہیں اور ان کی قوت مدافعت عام لوگوں کی نسبت کم ہے۔ یہاں تک کہ ویڈیو لنک پر تفتیش کرنے کی پیشکش کی گئی تھی۔

عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ 9 تاریخ کو نیب کی پیشی کے علاوہ نہ کسی سے ملاقات کی اور نہ ہی کہیں اور گئے، اگر میاں شہباز شریف کو کچھ ہوا تو عمران نیازی اور نیب ذمہ دار ہوں گے۔