کابینہ میں مزید رد و بدل: ایک اور وکٹ گر گئی

کابینہ میں مزید رد و بدل: ایک اور وکٹ گر گئی
تین وزرا کی برطرفی کے بعد خیبر پختونخوا کی کابینہ میں ایک بار پھر ردوبدل کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔

اطلاعات کے مطابق شوکت یوسفزئی کو وزارت اطلاعات کے قلمدان سے ہٹانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق اجمل وزیر کو نیا وزیر اطلاعات مقرر کیے جانے کا امکان ہے جس کا نوٹیفیکیشن اگلے ہفتے جاری کر دیا جائے گا۔

یاد رہے کہ صوبہ خیبرپختونخوا کی حکومت نے پہلے بھی مبینہ طور پر صوبے کے وزیراعلیٰ محمود خان کے خلاف گروپنگ کرنے کی پاداش میں تین صوبائی وزرا کو کابینہ سے برطرف کر دیا تھا۔ برطرف کیے جانے وزرا میں سینیئر صوبائی وزیر برائے کھیل اور ثقافت محمد عاطف خان، وزیر صحت شہرام خان ترکئی اور وزیر برائے محصولات شکیل احمد شامل تھے۔

اس حوالے سے پاکستان تحریک انصاف کے سینیئر رہنما اور سینیٹر شبلی فراز کا کہنا تھا کہ وزرا کو فارغ کرنے کی بنیادی وجہ یہ ہے کہ سیاسی جماعت ایک ٹیم کی طرح ہوتی ہے اور اگر اس میں ایسے کھلاڑی موجود ہوں جو مسلسل گروپ بندی کرتے ہوں اور معاملات کو غیر مستحکم کرتے ہوں تو یہ ٹھیک نہیں۔