عمران خان کی جان کو خطرہ ہے رانا ثنا اللہ کے حوالے نہیں کرسکتے: فواد چوہدری

10:05 AM, 15 Mar, 2023

نیا دور
تحریک انصاف کے مرکزی رہنما اور سابق وزیراطلاعات فوادچوہدری نے کہا کہ عمران خان کی گرفتاری کے وارنٹ فوری ختم کیے جائیں۔ ہم اپنے قائد کو رانا ثناءاللہ کے حوالے نہیں کریں گے۔ عمران خان ان کے ہاتھوں محفوظ نہیں۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فوادچوہدری کا کہنا تھا کہ عمران خان کی جان کو خطرہ ہے انہیں رانا ثنااللہ کے حوالے نہیں کرسکتے۔رانا ثناءاللہ کا وارنٹ گرفتاری پڑا ہےاس پرشورکیوں نہیں؟

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ حکام لوگوں کی زندگیوں سے کھیل رہےہیں۔ زمان پارک میں ہر جگہ آنسوگیس کی شیلنگ کی گئی۔ مظاہرین پر فائرنگ بھی کی گئی۔ 300 سے زائد کارکن زخمی ہوچکے ہیں۔ سی سی پی او اسلام آباد اپنی شیلنگ سے بے ہوش ہوگیا، پاکستان بڑے بحران کا شکار ہے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ کارکنوں کی جرات اور ہمت کو سلام پیش کرتا ہوں۔ کارکن سیسہ پلائی دیوار کی طرح عمران خان کے ساتھ ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ آپ وارنٹ کی تعمیل چاہتے ہیں تو اسلام آباد ہائیکورٹ میں سماعت جاری ہے، پی ٹی آئی کہہ چکی ہے کہ عدالت جو فیصلہ کرے وہ من وعن تسلیم ہوگا۔

اس سے قبل اپنے ایک بیان میں سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے کہا تھا کہ اس وقت ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں عمران خان کی گرفتاری کے خلاف احتجاج جاری ہے۔اسلام آباد اور کراچی میں آنسو گیس کا بے دریغ استعمال کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ درجنوں کارکن گرفتار کیے گئے ہیں۔ لاہور مسلسل حالت جنگ کا منظر پیش کر رہا ہے۔ہزاروں لوگ زمان پارک اپنے قائد سے اظہار یکجہتی کیلئے جمع ہیں۔

دوسری جانب تحریک انصاف نے سابق وزیراعظم عمران خان کی ممکنہ گرفتاری کیخلاف لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کرلیا۔

تحریک انصاف کے مرکزی رہنما فوادچوہدری سمیت متعدد وکلا ہائی کورٹ میں چیف جسٹس کی عدالت میں پہنچ گئے ہیں۔ عمران خان کی گرفتاری کے وارنٹ فوری ختم کرنے کا مطالبہ کردیا۔عمران خان کی گرفتاری کے لئے پولیس آپریشن کے خلاف لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی گئی۔ درخواست پر سماعت جسٹس طارق سلیم شیخ نے سماعت کی۔ ایڈووکیٹ جنرل پنجاب شان گل عدالت میں پیش ہوئے۔

درخواست فواد چوہدری نے اپنے وکیل خواجہ طارق رحیم کے توسط سے دائر کی جس میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ آنسو گیس شیل سے انسانی بنیادی حقوق متاثر ہو رہے ہیں۔ زمان پارک کے لوگ شیلنگ سے شدید متاثر ہو رہے ہیں۔ عمران خان کی گرفتاری کے وارنٹ کی تعمیل میں قانون کی خلاف ورزی کی گئی۔

خواجہ طارق رحیم نے کہا کہ جیسا فلموں میں دیکھا زمان پارک ویسا وار زون بن چکا ہے۔

جسٹس طارق سلیم شیخ نے خواجہ طارق سے استفسار کیا کہ کیا اسلام آباد ہائیکورٹ میں بھی درخواست ہے۔ جس پر وکیل خواجہ طارق نے جواب دیا کہ وہ درخواست وارنٹ گرفتاری معطل کرنے کے لیے ہیں۔

عدالت نے چیف سیکرٹری، آئی جی پنجاب کو سوا 3 بجے تک عدالت پیش ہونے کا حکم دیتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔
مزیدخبریں