'آئی جی نے بلال صدیق کمیانہ کے ساتھ میٹنگ کرکے پیغام دیا کہ وہی عملی CCPO ہیں'

05:20 PM, 18 Feb, 2023

نیا دور
انسپکٹر جنرل پنجاب پولیس نے آج سی سی پی او آفس میں بلال صدیق کمیانہ کے ساتھ سکیورٹی میٹنگ کی ہے جو ایک واضح پیغام ہے کہ غلام محمود ڈوگر محض عمران خان، پی ٹی آئی اور پرویز الہیٰ کے لئے سی سی پی او ہوں گے جبکہ عملی طور پر سی سی پی او بلال صدیق کمیانہ ہی ہیں۔ یہ کہنا ہے صحافی مبشر بخاری کا۔

نیا دور ٹی وی کے ٹاک شو 'خبر سے آگے' میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ نے غلام محمود ڈوگر کیس کے فیصلے میں لکھا ہے کہ اگر کسی تقرر یا تبادلے پر الیکشن کمیشن آف پاکستان کے چاروں صوبائی نمائندے متفق ہو جائیں تو اس کی اجازت ہے۔ آنے والے دنوں میں الیکشن کمیشن کے یہ چاروں نمائندے بلال صدیق کمیانہ کی بطور سی سی پی او لاہور تقرری پر متفق ہو جائیں گے اور یوں بلال صدیق کمیانہ ہی سی سی پی او لاہور ہوں گے۔

صحافی احسان اللہ ٹیپو نے کہا کہ سول حکومت اور عسکری ادارے تحریک طالبان پاکستان کے حملوں کے جواب میں پریشان دکھائی دیتے ہیں۔ انہیں سمجھ ہی نہیں آ رہی کہ کیا کیا جائے۔ ہماری ریاست نے اندازہ لگایا تھا کہ افغانستان میں جب طالبان کی حکومت آئے گی تو افغانستان پاکستان کر سرحد پر موجود سکیورٹی کا خطرہ کسی حد تک کم ہو جائے گا اور ٹی ٹی پی بھی قابو میں آ جائے گی۔

تجزیہ کار فوزیہ یزدانی نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے بہت محتاط رویہ اختیار کیا ہے تاہم صدر پاکستان کو چاہئیے تھا کہ وہ اپنے خط میں شائستگی کا مظاہرہ کرتے۔ عمران خان کی جان کی حفاظت کرنا ریاست کی ذمہ داری ہے مگر عمران خان کو بھی احتیاط کا مظاہرہ کرنا چاہئیے۔

پروگرام کے میزبان رضا رومی اور مرتضیٰ سولنگی تھے۔ 'خبر سے آگے' ہر پیر سے ہفتے کی شب 9 بج کر 5 منٹ پر نیا دور ٹی وی سے براہ راست پیش کیا جاتا ہے۔
مزیدخبریں