وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ وفاقی کابینہ نے ٹی وی لائسنس فیس میں اضافے کا معاملہ موخر کر دیا ہے۔
واضح رہے کہ پی ٹی وی نے صارفین کے بجلی کے بلز میں شامل ٹی وی لائسنس کی فیس میں اضافہ کر کے اپنی آمدن میں اضافہ کرنے کی تجویز کا یہ جواز دیا تھا کہ دنیا بھر میں سرکاری نشریاتی اداروں کو حکومت سپورٹ کرتی ہے تا کہ ان کے قومی بیانیے کی ترویج کی جائے اور اس وقت جو رقم وصول کی جارہی ہے وہ بہت معمولی ہے۔
اسلام آباد میں وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں ملک کی مجموعی سیاسی اور اقتصادی صورت حال سمیت مختلف امور کا جائزہ لیا گیا۔
کابینہ اجلاس میں وفاقی وزرا فیصل واوڈا، مرادسعید اور فواد چوہدری نے پی ٹی وی فیس میں اضافے پر اعتراض کیا، وزرا کا کہنا تھا کہ فیصلے سے قبل عوام کو بتایا جائے کہ سرکاری ٹی وی پر 14 ارب کا خسارہ ہے۔
وزرا کے اعتراض کے بعد وفاقی کابینہ نے پی ٹی وی فیس میں اضافے کا معاملہ مؤخر کر دیا ہے اور اب عوام کو اعتماد میں لیے جانے تک فیصلے پر عمل درآمد روک دیا ہے۔
خیال رہے کہ گذشتہ دنوں حکومت نے کابینہ سے پی ٹی وی کی فیس بڑھانے کی منظوری کے بعد پی ٹی وی لائسنس فیس 35 روپے سے بڑھا کر 100 روپے کر دی تھی۔