کرونا وائرس:سعودی عرب سے آئے 2800 سے زائد افراد کا حکومت کو سراغ نہ مل سکا

کرونا وائرس:سعودی عرب سے آئے 2800 سے زائد افراد کا حکومت کو سراغ نہ مل سکا
جب سے پاکستان کرونا وائرس کے نرغے میں آیا ہے ہر جاتا دن حکومت کی نااہلی کے قصے کھول کر بیان کرتا ہے۔ پہلے حفاظتی اقدامات لینے سے متعلق حکومتی کنفیوژن اور پھر تفتان پر حکومتی نا اہلی اور بد انتظامی سامنے آئی تاہم اب بد انتظامی کا ایک اور خوفناک معاملہ سامنے آیا ہے۔

میڈیا رپورٹس میں انکشاف کیا گیا ہے کہ حکومت سعودی عرب سے پاکستان آنے والے 2 ہزار 878 افراد کو ڈھونڈنے میں ناکام ہو چکی ہے اور وہ ملک میں پھیل چکے ہیں۔ ذرائع کے مطابق یہ افراد کسی بھی قسم کی سکریننگ سے بچ نکلے ہیں اور ان میں سے کئی کرونا وائرس کے کیرئیر ہو سکتے ہیں۔ 

ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ ان افراد کی جانب سے ریکارڈ میں غلط موبائل فون نمبرز اور غلط شناختی کارڈ نمبر درج کرائے گئے تھے۔ جس کے باعث حکومتی ٹیمیں ان تک پہنچنے میں مکمل طور پر ناکام نظر آتی ہیں۔

اس حوالے سے ذمہ داران میں سخت تشویش پائی جاتی ہے کیوں کہ سوال پورے سسٹم کی سیکیورٹی پر بھی اٹھ رہا ہے۔ خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے کہ یہ افراد کرونا کے پھیلاو کا باعث بن چکے ہیں جبکہ ائیرپورٹس سمیت دیگر سیکیورٹی چیک ہوائنٹس سے ان کا غلط شناختی کارڈز کی مدد سے بچ نکلنا ملکی سلامتی کو بھی خطرے میں ڈال سکتا ہے۔