'گورنر راج سے بہتر ہے مارشل لا لگا دیں'

'گورنر راج سے بہتر ہے مارشل لا لگا دیں'
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما حماد اظہر نے کہا ہے کہ ایک غیر مقبول حکومت الیکشن سے فرار اختیار کر رہی ہے۔ الیکشن سے بچنے کے لئے گورنر راج لگانے سے بہتر ہے ملک میں مارشل لاء لگا دیں۔

سابق وفاقی وزیر حماد اظہر نے کہا کہ تحریک انصاف کا منشور انصاف کی برابری ہے۔ اس ملک میں جمہوریت کا نام و نشان ختم کر دیا گیا۔ چوروں ڈاکوؤں کو حکومت دے دی گئی۔ آپ ایک بار پھر عمران خان اور پی ٹی آئی کے امیدواروں کو منتخب کریں۔

انہوں نے کہا کہ این اے 126 شاہین آباد میں ترقیاتی کاموں کا سلسلہ جاری ہے۔وسائل کی منصفانہ تقسیم پاکستان تحریک انصاف کا منشور ہے۔ 15 کروڑ روپے سے سیوریج کے کام کروائے گئے ہیں۔ 5 کروڑ روپے سے واٹر ڈسپوزل کا کام کروایا جا رہا ہے۔

حماد اظہر نے مزید کہا کہ ان چوروں، ڈاکوؤں کا ہم نے احتساب کرنا ہے۔ الیکشن سے بچنے کے لئے گورنر راج لگانے سے بہتر ہے ملک میں مارشل لاء لگا دیں۔

دوسری جانب  پی ٹی آئی رہنما اور سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے کہا کہ امید  ہے کہ مسلم لیگ ن انتخابات سے بھاگنے کے لیے الیکشن کمیشن کا استعمال نہیں کرے گی۔

فواد چوہدری نے مسلم لیگ ن کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اپنی ٹویٹ میں لکھا ڈر یہ ہےکہ اپنے پارٹنرز کی مدد سے ن لیگ عوام کی عدالت سے بھی مفرور نہ ہو جائے۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا ان کو بھاگنے نہیں دیا جائے گا اور ان کا پیچھا کیا جائے گا، جمہوریت میں عوام کو حتمی فیصلوں کا اختیارہے، اس حق کو تسلیم کیا جائے۔

واضح رہے کہ گزشتہ رات چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے آئندہ جمعہ (23 دسمبر) کو پنجاب اور خیبرپختونخوا اسمبلیاں توڑنے کا اعلان کردیا۔

قوم سے اہم خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کہا کہ نواز شریف اور شہباز شریف ملک کا دیوالیہ کرکے گئے تھے۔ 30 سال سے جو ملک کو لوٹ رہے تھے انہیں اوپر بٹھادیا گیا۔ ان کا مقصد صرف الیکشن کا التواء ہے۔یہ الیکشن سے خوفزدہ ہیں۔انہیں ڈر ہے جب بھی الیکشن ہوں گے ہار جائیں گے۔ یہ اکتوبر میں بھی الیکشن نہیں کروائیں گے۔

خطاب کے دوران ان کے ساتھ وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی اور وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان بھی تھے۔