پنجاب میں بدترین لوڈ شیڈنگ، کراچی اندھیروں میں: ملک کا شارٹ فال صفر ہے، محکمہ پاور ڈویژن

پنجاب میں بدترین لوڈ شیڈنگ، کراچی اندھیروں میں: ملک کا شارٹ فال صفر ہے، محکمہ پاور ڈویژن

ملک میں اس وقت ہر طرف لوڈ شیڈنگ میں تشویش ناک اضافہ ہوا لیکن لوڈشیڈنگ بڑھنے کے باوجود پاور ڈویژن کی جانب سے ملک میں بجلی کا شارٹ فال زیرو ہونے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔


کراچی سمیت ملک کے دیگر شہروں میں اعلانیہ اور غیر اعلانیہ گھنٹوں تک لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے جس کے باعث شہری پریشان ہیں۔ دوسری جانب پنجاب کے چھوٹے شہروں اور دیہات میں بدترین ٹرپننگ و لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے جبکہ بڑے شہروں میں بھی ہر 24 گھنٹے کے دوران پانچ سے لے کر 6 گھنٹوں تک لوڈ شیڈنگ معمول بن چکا ہے۔


شہریوں کا کہنا ہے کہ بجلی کی طویل بندش سے تنگ آ کر وہ تو گھروں سے باہر بیٹھے ہیں۔ گھر میں سکون ہے نہ ہی کام کاج چل رہا ہے۔ جبکہ حکومت سب اچھے کی رپورٹ دے رہی ہے۔


جیو نیوز نے ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ  پاور ہاؤسز کو گیس آئل کی کمی کا بدستور سامنا ہے، مجموعی طور پر شارٹ فال بھی تجاوز کر گیا ہے ، تمام ڈسکوز میں بجلی کا شارٹ فال بڑھ گیا ہے اور اکثر گرڈ اوور لوڈڈ ہیں۔

نیا دور کو لیسکو ذرائع نے بتایا کہ صرف لاہور شہر میں اس وقت 600 میگا واٹ کا شارٹ فال ہے جس میں بڑھنے کا خدشہ ہے۔