کراچی: نجی سکول میں خواتین اساتذہ اور طالبات کے واش رومز میں خفیہ کیمروں کا انکشاف

کراچی: نجی سکول میں خواتین اساتذہ اور طالبات کے واش رومز میں خفیہ کیمروں کا انکشاف
کراچی کے نجی سکول میں خواتین اساتذہ اور طالبات کے واش رومز کے واشنگ ایریا خفیہ کیمروں کی موجودگی کا انکشاف ہوا ہے۔ اسکول صفورا گوٹھ کے قریب واقع ہے۔

محکمہ تعلیم کی خصوصی ٹیم نے ڈائریکٹر پرائیو ٹ سکولز ایسوسی ایشن کی سربراہی میں سکول کا دورہ کیا اور واش روم کے واشنگ ایریا سے خفیہ کیمرے بر آمد کیے جس کے بعد اسکول کی رجسٹریشن منسوخ کردی گئی۔

محکمہ تعلیم سندھ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ محکمہ تعلیم کو خواتین نے خفیہ کیمروں سے متعلق شکایت کی تھی۔ واش رومز خواتین اساتذہ کے ساتھ طالبات کے بھی زیر استعمال ہیں

محکمہ تعلیم کی ویجیلنس ٹیم نے خفیہ کیمروں سے متعلق رپورٹ محکمہ تعلیم کو جمع کرادی ہے۔ اس سلسلے میں اسکول انتظامیہ کو شوکاز نوٹس بھی جاری کردیا گیا ہے۔

محکمہ تعلیم کے انسپکشن ڈائریکٹوریٹ کی جانب سے جاری مراسلے میں بتایا گیا ہے کہ تین نومبر کو ریحانہ فیروز نامی خاتون کی جانب سے صفورہ گوٹھ میں قائم دا ہیریکس سکول کے حوالے سے شکایت موصول ہوئی جس کے بعد محکمہ تعلیم کے عہدیداران نے مذکورہ سکول کا دورہ کیا۔

مراسلے کے مطابق سکول کے دورے کے دوران خواتین اساتذہ اور طالبات کے واش رومز میں واش بیسن کے قریب دیوار میں سوراخ دار شیٹ کے پیچھے خفیہ کیمرے لگے ہونے کا انکشاف ہوا جس سے ریکارڈنگ ممکن تھی۔

سکول انتظامیہ کو اظہارِ وجوہ نوٹس جاری کیا تھا جس میں انہیں چار نومبر کو ڈائریکٹر کے روبرو پیش ہو کر معاملے کی تفصیل بیان کرنے کا حکم دیا گیا تھا۔

تاہم سکول کی طرف سے کوئی پیش نہ ہوا جس کے بعد محکمہ تعلیم نے یک طرفہ کارروائی کرتے ہوئے تا حکم ثانی سکول کی رجسٹریشن منسوخ کردی ہے۔

ڈائریکٹر جنرل منصوب صدیقی کی جانب سے جاری آفس آرڈر میں بتایا گیا کہ صفورہ گوٹھ چیپل سن سٹی میں واقع دا ہیریکس سکول کی رجسٹریشن منسوخ کر کے مذکورہ معاملے کی تحقیقات کی جائیں گی۔