وزیراعظم کا پیٹرول 10 روپے، بجلی 5 روپے سستی کرنے کا اعلان

وزیراعظم کا پیٹرول 10 روپے، بجلی 5 روپے سستی کرنے کا اعلان
وزیراعظم عمران خان نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 10 روپے اور بجلی کی فی یونٹ قیمت میں 5 روپے کمی کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

قوم سے اپنے خطاب میں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اگلے بجٹ تک پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں کوئی اضافہ نہیں کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ بی اے پاس نوجوانوں کو 30 ہزار روپے کی انٹرنشپ کروائیں گے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ 80 لاکھ خاندانوں کو اب سے 12 ہزار روپے کی بجائے 14 ہزار روپے ملا کریں گے۔ اس کے علاوہ حکومت نے اہم اقدام اٹھاتے ہوئے آئی ٹی سیکٹر پر 100 فیصد چھوٹ دیدی ہے۔

اپنے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ جب سے سیاست شروع کی تو خواہش تھی کہ پاکستان کی خارجہ پالیسی آزاد ہو۔ آزاد قوم کا مطلب یہ ہے کہ وہ پالیسی ہو جو ملک وقوم کے مفاد میں ہو۔ تاہم بدقسمتی سے ہماری فارن پالیسی ملک کے مفاد میں نہیں تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ امریکا کی دہشتگردی کی جنگ میں پاکستان کا کوئی لینا دینا نہیں تھا لیکن اس کے باوجود ہم اس میں شامل ہوئے، ہمیں امریکا کی جنگ میں شامل نہیں ہونا چاہیے تھا۔ اس جنگ میں 80 ہزار پاکستانیوں کی جانیں گئیں۔



انہوں نے کہا کہ بدقسمتی کی بات یہ ہے کہ امریکا کی دہشتگردی کیخلاف جنگ میں ہماری ہی سرزمین پر ڈرون حملے کئے گئے۔ مشرف کے دور میں صرف 10 لیکن زرداری اور نواز شریف کے دور میں 400 ڈرون حملے ہوئے۔ یہ تو جمہوری حکومتیں تھیں ان کو امریکا سے کہنا چاہیے تھا کہ ہماری عورتیں اور بچے مر رہے ہیں۔ لیکن امریکی صحافی نے بتایا تھا کہ زرداری نے کہا کہ ڈرون حملوں میں عوام کے مرنے سے انھیں کوئی فرق نہیں پڑتا۔

پیکا قانون میں ترمیم پر بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ کہا جا رہا ہے کہ آزادی صحافت پر پابندی لگ گئی ہے لیکن یہ بات ذہن میں رہے کہ یہ قانون 2016ء میں بنا تھا ہم نے تو اس میں صرف ترمیم کی ہے۔ اچھے صحافی ضرور اس کی تائید کریں گے کہ فیک نیوز کے قلع قمع کیلئے ہم نے اچھا اقدام اٹھایا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ایسے صحافی بیٹھے ہیں جو پیسے لے کر کام کر رہے ہیں۔ ایک صحافی نے تین سال پہلے کہا کہ میری بیوی ناراض ہو کر گھر چلی گئی ہے۔ میں نے اس پر ہتک عزت کا کیس دائر کیا لیکن ابھی تک انصاف نہیں ملا۔ اسی صحافی نے نواز شریف کے بارے میں لکھا تو اسے تین دن تک بند کرکے ڈنڈے مارے گئے تھے۔ میں تو صرف قانونی راستہ اختیار کرکے انصاف مانگ رہا ہوں۔

پاکستان میں فیک نیوز کے مسئلے پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کے وزیراعظم کیلئے کہا گیا کہ اسے جادو ٹونے سے چنا گیا۔ اس کے علاوہ اور باتیں پھیلائی گئیں۔