محمد شہباز شریف نے وزیراعظم پاکستان کے عہدے کا حلف اٹھا لیا

محمد شہباز شریف نے وزیراعظم پاکستان کے عہدے کا حلف اٹھا لیا
مسلم لیگ ن کے صدر محمد شہباز شریف نے پاکستان کے 23ویں وزیراعظم کے عہدے کا حلف اٹھا لیا ہے۔ قائم مقام صدر چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے ان سے حلف لیا۔ اس پروقار تقریب میں متحدہ اپوزیشن کے تمام سرکردہ رہنمائوں نے شرکت کی۔

خیال رہے کہ نئے قائد ایوان کے لیے متحدہ اپوزیشن کی جانب سے شہباز شریف اور تحریک انصاف کی جانب سے شاہ محمود قریشی وزیراعظم کے امیدوار تھے۔ تاہم پی ٹی آئی کی جانب سے بائیکاٹ کے بعد شہباز شریف واحد امیدوار رہ گئے۔ شہباز شریف کو ایوان میں 174 ووٹ ملے جس کے بعد وہ پاکستان کے 23 ویں وزیراعظم منتخب ہوگئے۔


دوسری جانب قومی اسمبلی سیکریٹریٹ نے شہباز شریف کی کامیابی کانوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ یہ نوٹیفکیشن گزٹ آف پاکستان میں اشاعت کیلئے پرنٹنگ کارپوریشن کو بھجوا دیا گیا ہے۔