مخلوط حکومت کے درمیان اختلافات کی خبریں، بلاول آج نواز شریف سے ملاقات کیلئے لندن روانہ ہونگے

مخلوط حکومت کے درمیان اختلافات کی خبریں، بلاول آج نواز شریف سے ملاقات کیلئے لندن روانہ ہونگے
شہباز شریف کی قیادت میں مخلوط حکومت کو قائم ہوئے ابھی چند دن ہی گزرے ہیں لیکن ابھی سے اتحادی جماعتوں کے درمیان اختلافات کی خبریں سامنے آنا شروع ہو چکی ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق حکومت اور پیپلز پارٹی کے سیاسی معاملات میں اختلافات کے بعد وزیراعظم شہباز شریف نے مشورہ دیا ہے اس سلسلے میں کوئی بھی بات کرنی ہے تو پارٹی قائد میاں نواز شریف سے کی جائے۔ انہوں نے ان مسائل سے ہاتھ اٹھا لئے ہیں۔

ذرائع کا دعویٰ ہے کہ پیپلز پارٹی نے حکومت سے بھاری ڈیمانڈ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی جماعت ناصرف گورنر پنجاب اور چیئرمین سینیٹ بلکہ صدر مملکت کا عہدہ بھی دیا جائے۔

بلاول بھٹو زرداری لندن میں مسلم لیگ ن کے قائد میاں نواز شریف سے ملاقات میں اختلافی معاملات پر بات کریں گے۔ بلاول بھٹو کا لندن سے واپسی پر وزیر خارجہ کا حلف اٹھانےکا امکان ہے۔

ادھر شہباز شریف کے وزیراعظم بننے کے 9 دن بعد بالاخر وفاقی کابینہ نے حلف اُٹھا لیا ہے۔ تاہم بلاول بھٹو زرداری نے وفاقی وزراکی تقریب حلف برداری میں شرکت کی لیکن حلف نہیں اُٹھایا۔

دوسری جانب  پیپلز پارٹی کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ وزارت خارجہ کے معاملے پر مسلم لیگ ن کیساتھ کوئی ڈیڈ لاک نہیں ہے۔ بلاول بھٹو، اے این پی، بی این پی اور محسن داوڑ کو وزارت ملنے کے بعد حلف اٹھانا چاہتے ہیں۔ بلاول بھٹو اتحادی حکومت کے قیام پر نواز شریف کو مبارکباد دینے جا رہے ہیں۔