عدالتوں کو مذاق بنایا ہوا ہے، پورے پاکستان میں نچایا ہوا ہے، لاہور ہائیکورٹ

عدالتوں کو مذاق بنایا ہوا ہے، پورے پاکستان میں نچایا ہوا ہے، لاہور ہائیکورٹ
لاہور ہائیکورٹ نے عثمان بزدار کو وزیراعلی پنجاب کے عہدے پر بحال کرنے کی درخواست نمٹادی۔

لاہور ہائیکورٹ میں عثمان بزدار کو وزیر اعلی پنجاب کے عہدے پر بحال کرنے کی درخواست پر سماعت ہوئی۔ عدالت نے درخواست واپس لینے کی بنیاد پر نمٹا دی۔

چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے درخواست گزار کے وکیل پر سخت اظہار برہمی کرتے ہوئے کہا کہ آپ متاثرہ فریق نہیں ہیں تو پھر کیوں درخواست دائر کی۔ وکیل نے جواب دیا کہ میں نے بطور قانون کے طالب علم درخواست دائر کی ہے۔

چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ امیر بھٹی نے کہا کہ جب متاثرہ فریق مطمئن ہے تو آپ نے درخواست کیوں دائر کی، آپ لوگوں نے عدالتوں کو مذاق بنایا ہوا ہے، پورے پاکستان میں نچایا ہوا ہے، جمہوریت جمہوریت جمہوریت کیا ذرا سا صبر نہیں ہے کیا یہ جمہوریت ہوتی ہے۔

لاہور ہائیکورٹ نے درخواست گزار پر 10 لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کردیا۔