پیپلز پارٹی کے رہنما خورشید شاہ کورونا وائرس کا شکار

پیپلز پارٹی کے رہنما خورشید شاہ کورونا وائرس کا شکار
پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اور وفاقی وزیر سید خورشید شاہ کورونا وائرس کا شکار ہو گئے ہیں۔ کھانسی اور بخار میں مبتلا ہونے کی وجہ سے انہوں نے کووڈ ٹیسٹ کروایا جو پازیٹو آیا۔

سید خورشید شاہ نے ڈاکٹروں کے مشورے پر عمل کرتے ہوئے خود کو آئسولیٹ کر لیا ہے۔ وہ اسلام آباد میں واقع اپنے گھر میں موجود ہیں۔ خورشید شاہ میں کورونا کی درمیانے درجے کی علامات ہیں۔

خیال رہے کہ نیشنل انسٹیٹیوٹ آف ہیلتھ ’’این آئی ایچ‘‘ نے کہا ہے کہ ملک بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 13 ہزار 412 کورونا ٹیسٹ کیے گئے ہیں۔

پیر کو این آئی ایچ کی جانب سے جاری کردہ ٹویٹ میں شیئر کیے گئے اعدادوشمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 13 ہزار 412 کورونا ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 382 افراد کے کورونا ٹیسٹ مثبت آئے ہیں۔

اس طرح گذشتہ 24 گھنٹوں میں کیے گئے مثبت کورونا ٹیسٹ کی شرح 2.85 فیصد رہی ہے۔ مزید برآں اس دوران کورونا وائرس سے دو مریض جاں بحق ہوئے جبکہ 87 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے ملک میں بڑھتے ہوئے کورونا کیسز کے باعث اندرونِ ملک پروازوں، ریل گاڑیوں اور پبلک ٹرانسپورٹ میں ماسک پہننے کو لازمی قرار دے دیا ہے۔

این سی اوسی کے مطابق مردان میں کورونا مثبت کیسزکی شرح 2.44 فیصد جبکہ خیبرپختونخوا میں کورونامثبت کیسزکی مجموعی شرح 1.15 فیصد ہے۔

کراچی میں سب سے زیادہ مثبت کیسز کی شرح 22.65 جبکہ سندھ میں 6.17 فیصد ہے۔ پنجاب میں کورونا مثبت کیسز کی شرح 1.17 فیصد ہے۔