جیمز ویب خلائی دور بین کی پہلی رنگین تصویر جاری کر دی گئی

جیمز ویب خلائی دور بین کی پہلی رنگین تصویر جاری کر دی گئی
امریکی صدر جوبائیڈن نے ناسا کی جیمزویب دور بین کی پہلی تصاویر میں سے ایک تصویر جاری کردی ہے، جسے کائنات کا اب تک کا سب سے گہرا منظر کہا جا سکتا ہے۔

اکیسویں صدی کا سب سے بڑا سائنسی منصوبہ قرار دی گئی اس خلائی دور بین سے حاصل ہونے والی رنگین تصاویر میں سے یہ تصویر کائنات کو دیکھنے کے منفرد اور انوکھے انداز کی پہلی جھلک ہے۔ امریکی صدر جو بائیڈن کے ہاتھوں بطور خاص جاری کی گئی اس پہلی تصویر میں جنوبی نصف کرہ کے برج میں کہکشاؤں کا جھرمٹ دکھائی دے رہا ہے، جسے SMACS 0723 کہا جاتا ہے۔

سائنس دانوں کا دعویٰ ہے کہ یہ تصویر کائنات کا اب تک کا سب سے گہرا اور تفصیلی انفرا ریڈ نظارہ پیش کررہی ہے، جس میں کہکشاؤں کی ایسی روشنی نظر آرہی ہے، جس نے اربوں سال کی مسافت طے کی ہے۔ دسمبر 2021 میں 10 ارب ڈالر مالیت سے تیار کی گئی جیمز ویب ٹیلی اسکوپ کو خلا میں روانہ کرتے وقت سائنسدانوں نے امید کا اظہار کیا تھا کہ اب خلا میں کائنات کے نت نئے راز افشاں ہو سکیں گے۔

وائٹ ہاؤس میں جیمز ویب ٹیلی اسکوپ کی تصاویر سے متعلق خصوصی بریفنگ کے دوران صدر بائیڈن کا کہنا تھا کہ یہ تصاویر نہ صرف دنیا کو یاددلائیں گی کہ امریکا اب بھی بڑے کام کر سکتا ہے بلکہ امریکی عوام خصوصاً ہمارے بچوں کے لیے یہ ثابت کرتی ہیں کہ ہم اپنی صلاحیت کے ذریعے کچھ بھی حاصل کر سکتے ہیں۔ ہم ان ممکنات کا بھی مشاہدہ کر سکتے ہیں، جو آج سے پہلے کبھی کسی نے نہیں دیکھیں۔