مسلم لیگ(ن) نے پنجاب کے ضمنی انتخاب میں شکست تسلیم کرلی

مسلم لیگ(ن) نے پنجاب کے ضمنی انتخاب میں شکست تسلیم کرلی
پنجاب کے ضمنی انتخاب میں پاکستان تحریک انصاف کی برتری کے بعد پاکستان مسلم لیگ (ن) نے ضمنی انتخابات میں شکست تسلیم کرلی۔

پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا کہ مسلم لیگ ن کو کھلے دل سے نتائج تسلیم کرنا چاہئیں۔

پنجاب میں ہونے والے ضمنی انتخاب کے بعد تحریک انصاف کی واضح برتری ٹویٹ کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا ہےکہ عوام کے فیصلے کے سامنے سر جھکانا چاہیے،سیاست میں ہار جیت ہوتی رہتی ہے۔

مریم نواز کا کہنا ہے کہ دل بڑا کرنا چاہیے،جہاں جہاں کمزوریاں ہیں دور کرنے کے لیے محنت کرنی چاہیے، انشاء اللّہ خیر ہو گی۔


وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے پنجاب کے ضمنی انتخابات میں شکست پر کہا ہے کہ عوام کی رائے کو تسلیم کرتے ہیں جو آئین کے تحت اصل فیصلہ ساز ہیں۔

سماجی رابطے کی سائٹ ٹویٹر پر اپنے بیان میں مریم اورنگزیب نے کہا کہ عوامی رائے کو تسلیم کرنا ہی جمہوریت ہے، پاکستان مسلم لیگ ن نے روشن جمہوری روایت قائم کی اور شفاف، آزادانہ، منصفانہ اور پُرامن انتخابات کو یقینی بنایا۔

انہوں نے کہا کہ پی پی 7 راولپنڈی کی نشست پاکستان مسلم لیگ (ن) جیت چکی ہے لیکن پی ٹی آئی اور اس کے لیڈر ریٹرننگ افسر کے دفتر میں گھس کر دھونس، دھمکی اور غنڈہ گردی سے دباؤ میں لانے کی کوشش کررہے ہیں جو قابل مذمت ہے۔

مریم اورنگزیب نے اسد عمر کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا کہ پی ٹی آئی شفاف الیکشن کو متنازع نہ بنائے۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما ملک احمد خان نے کہا کہ تحریک انصاف کو تاریخی فتح ہوئی،عوام کی رائے کا احترام کرتے ہیں، عوام کا ووٹ ہمارے خلاف آیا ہے، عوام نے ووٹ سے اپنی رائے دی، اس کے بعد حکومت کا رہنا نہ رہنا سیکنڈری ہوجاتا ہے۔

ملک احمد خان کا کہنا تھاکہ الیکشن کے نتائج بتارہے ہیں کہ ہمارے پاس عددی اکثریت نہیں رہے گی۔

دوسری جانب ن لیگ کے سینئر رہنما پرویز رشید نے کہا کہ عوام ہی ہمیشہ درست فیصلہ کرتے ہیں، دراصل عوامی رائے کو تسلیم کرنا ہی جمہوریت ہے۔


مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف نے پنجاب کے ضمنی انتخابات میں ن لیگ امیدواروں کی شکست کے بعد کہا ہے کہ مشکل فیصلوں کا نقصان مسلم لیگ (ن) کو ہوا ہے۔

ذرائع کے مطابق نواز شریف نے وزیر اعظم شہباز شریف اور وزیر اعلیٰ حمزہ شہباز سے رابطہ کیا اور ضمنی انتخابات کے نتائج کے تناظر میں آئندہ کے لائحہ عمل پر بات چیت کرتے ہوئے پارٹی کا ہنگامی اجلاس طلب کرنے کی ہدایت کردی۔

پارٹی ذرائع کے مطابق نواز شریف کا کہنا تھا کہ مشکل فیصلوں کا نقصان ن لیگ کو ہوا ہے۔ پارٹی کے قائد کا یہ بھی کہنا تھا کہ ہم عوام کی رائے کا احترام کرتے ہیں اور ابھی انتخابی نتائج آ رہے ہیں۔

دوسری جانب نواز شریف نے شہباز شریف کو ہنگامی اجلاس طلب کرنے کی ہدایت کی۔ نواز شریف نے کہا کہ واضع نتائج آنے کے بعد ہنگامی اجلاس میں آئندہ مرحلے کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔