'لگتا ہے ن لیگ کو 5 یا 6 لوگ مل چکے جو الیکشن والے دن ووٹ نہیں ڈالیں گے'

'لگتا ہے ن لیگ کو 5 یا 6 لوگ مل چکے جو الیکشن والے دن ووٹ نہیں ڈالیں گے'
احمد ولید نے کہا ہے کہ یوں لگتا ہے کہ ن لیگ کو 5،6 لوگ مل چکے ہیں جو وزیراعلیٰ پنجاب کے انتخاب والے دن ووٹ نہیں ڈالیں گے ان میں ایم پی اے چودھری مسعود کا نام سامنے آ چکا ہے۔

نیا دور ٹی وی کے پروگرام ''خبر سے آگے'' میں گفتگو کرتے ہوئے احمد ولید نے پنجاب کی سیاست پر اپنا تجزیہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ ن والے پر اعتماد نظر آرہے ہیں جبکہ دوسری جانب تحریک انصاف والے پریشان ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ لاہور میں میلہ سا لگا ہوا ہے۔ پہلے اراکین کو ائیرپورٹ کے قریب ہوٹل میں رکھا گیا تھا، اب گلبرگ کے ایک ہوٹل میں جمع ہیں۔ آصف زرداری کے لاہور آنے سے سیاسی ماحول گرم ہے۔ ان پر الزامات لگ رہے ہیں کہ وہاں منڈی لگا کر بیٹھے ہوئے ہیں۔

انہوں نے اپنی بات کو آگے بڑھاتے ہوئے کہا کہ کسی بھی پارٹی کا جمہوری رویہ نظر نہیں آ رہا۔ عمران خان ایک ہی ایجنڈا ہے کہ میں کسی کو نہیں چھوڑوں گا، پارٹی کے لوگ چھوڑنا چاہتے ہیں تو چھوڑ جائیں، اس صورتحال میں ملک آگے نہیں جا سکتا۔

پروگرام میں شریک گفتگو ضیغم خان کا کہنا تھا کہ چودھری پرویز الٰہی کے پاس 10 بہت قیمتی ووٹ ہیں۔ وہ اگر ابھی وزیراعلٰی بن بھی جاتے ہیں تو زرداری صاحب کیساتھ رابطے میں رہیں گے اور عمران خان کو بلیک میل کرتے رہیں گے۔ انہیں دوسری جانب سے بھی ہر وقت حکومت کی آفر ہوگی۔

ضیغم خان کا کہنا تھا کہ میرا نہیں خیال کہ پرویز الٰہی آسانی سے اس بات پر رضامند ہو جائیں گے کہ اسمبلی توڑ دی جائے۔ ان کے پاس 10 ووٹ ہیں۔ وہ پی ٹی آئی کی حکومت گرا کر پی ڈیی ایم کی حکومت بنا سکتے ہیں۔

سینئر تجزیہ کار افتخار احمد نے اپنا تجزیہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ چودھری پرویز الٰہی پہلے بھی وزیراعلٰی رہے لیکن اس بار وہ اس عہدے پر حیثیت سے براجمان ہونگے۔ جن کے پاس ووٹوں کی اکثریت ہے ان کا چئیرمین کھلے عام بدلے کی باتیں کر رہا ہے۔

افتخار احمد نے کہا کہ ہمیں نمبر گیم کا احترام کرنا چاہیے۔ اگر آپ آئین کی بالادستی پر یقین رکھتے ہیں تو جو طریقہ کار آئین میں دیا گیا ہے اسے فالو کرنا چاہیے۔

مرتضیٰ سولنگی کا کہنا تھا کہ حالات اسلام آباد میں بھی اچھے نہیں ہیں۔ یہاں افواہوں کا بازار گرم ہے۔ معیشت جنوب کی طرف جا رہی ہے۔ آج پھر روپے کی بے قدری ہوئی۔ اوپن مارکیٹ میں ڈالر 225 تک گیا۔