میں پیش گوئی کررہا ہوں عمران خان نااہل ہوگا: نجم سیٹھی

میں پیش گوئی کررہا ہوں عمران خان نااہل ہوگا: نجم سیٹھی
سینئر تجزیہ کار نجم سیٹھی نے آئندہ کا سیاسی منظر نامہ کھول کر بیان کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں آج پیشگوئی کر رہا ہوں کہ تحریک انصاف پر تو پابندی لگانا مشکل ہے لیکن عمران خان کی نااہلی ہوگی۔

نجم سیٹھی نے کہا کہ 6 ہفتوں میں بڑی گیم سامنے آنے والی ہے۔ اس گیم میں ہے کہ یہ حکومت رہے گی یا نہیں رہے گی؟ خان صاحب نااہل ہوں گے یا نہیں ہوں گے؟ پارلیمنٹ میں تحریک انصاف واپس جائے گی یا نہیں؟ اور اگلا آرمی چیف کون ہوگا؟

نیا دور ٹی وی کے پروگرام ''خبر سے آگے'' میں بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کو بین کرنا مجھے مشکل لگتا ہے لیکن جہاں تک بات عمران خان کے اوپر لگنے والے الزامات کی ہے تو وہ بہت مضبوط کیس ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف کی نااہلی کو 8 ماہ لگے تھے۔ ایک اقامہ اور اپنے بیٹے سے وہ رقم جو انہوں نے لی ہی نہیں تھی، اس کو بنیاد بنا کر انھیں نااہل کر دیا گیا تھا۔ اس کو انصاف نہیں کہتے بلکہ یہ ان کیساتھ زیادتی ہوئی تھی۔ ان کی نااہلی ختم کرنے کیلئے اب صرف ایک ہی راستہ ہے کہ پارلیمنٹ یہ قانون تبدیل کرے۔

انہوں نے کہا کہ وہاں 8 مہینوں میں نواز شریف کو ڈس کوالیفائی کر دیا گیا تھا اور یہاں 8 سالوں میں عمران خان کیخلاف صرف ایک رپورٹ آئی ہے۔ اب کوئی پتہ نہیں کہ اس سارے معاملے کو انجام تک پہنچنے میں کتنی دیر لگے۔ تاہم ایک بات طے ہے کہ حکومت ریفرنس فائل کرنے جا رہی ہے اور نوٹیفیکیشن بھی جاری کرنا ہے کہ قانون کے مطابق پارٹی کو بین کیا جائے۔

سینئر تجزیہ کار نے اپنی بات کو مزید آگے بڑھاتے ہوئے تجزیہ پیش کیا کہ کسی بھی عدالت کیلئے بہت مشکل ہو جائے گا کہ اگر تین مرتبہ وزارت عظمیٰ کی کرسی پر رہنے والے پاپولر وزیراعظم نواز شریف کو صرف ایک اقامہ کی بنیاد پر ہٹایا جا سکتا ہے تو ایسے شخص کو کیوں نہیں جس کیخلاف مواد کی بھرمار ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اب اگر عمران خان نااہل ہوتے ہیں تو پھر دونوں پارٹیاں پارلیمنٹ میں بیٹھیں گی اور اس قانون کو تبدیل کریں گی۔ صادق اور امین والا قانون ہے ہی غلط، اس کو تبدیل کرکہ فارغ کیا جائے۔

نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ میں پیش گوئی کررہا ہوں کہ عمران خان نااہل ہوگا لیکن نااہلی سے پہلے یا اس کے بعد تمام جماعتیں پارلیمنٹ میں بیٹھیں اور اس قانون کو تبدیل کریں۔ اس قانون کی چھٹی کروائی جائے اور نوازشریف کی نااہلی ختم کرنا پڑے گی۔

ضمنی الیکشن پر بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے 9 حلقوں سے الیکشن لڑنے کا فیصلہ کیا ہے، اس کا مطلب ہے کہ اب انہیں اپنی پارٹی اور اپنے لوگوں کے اوپر اعتماد نہیں ہے، ان کا خیال ہے کہ وہ اُڑ جائیں گے۔