”بلوچستان کے 93 فیصد لوگ گیس سے محروم ہیں“

۔فنانس بل 2019-20کی منظوری کے بعد پی ایس ڈی پی میں نئے منصوبے شامل کرنے کی وجوہات اور تفصیلات جاننے کے حوالے سے ایوان بالاء کی قائمہ کمیٹی برائے منصوبہ بندی ترقیات و اصلاحات کی تشکیل دی گئی ذیلی کمیٹی کا اجلاس کنونیئر کمیٹی سینیٹر میر کیبر احمد محمد شاہی کی زیر صدارت پارلیمنٹ ہاؤس میں منعقد ہوا۔

ذیلی کمیٹی کے اجلاس میں وفاقی وزیر منصوبہ بندی ترقیات و اصلاحات اور سیکرٹری منصوبہ بندی ترقیات و اصلاحات کی کمیٹی اجلاس میں عدم شرکت پر کمیٹی کا اجلاس احتجاجاً موخر کر دیا گیا۔ کنونیئر کمیٹی  سینیٹر میر کیبر احمد محمد شاہی نے کہا کہ سیکرٹری منصوبہ بندی نے آج خط بھیجا کے مصروفیات کی وجہ سے کمیٹی اجلاس میں شرکت نہیں کر سکتا اور متعلقہ وزیر کی طرف سے کمیٹی اجلاس میں عدم شرکت کی کوئی اطلاع بھی نہیں دی گئی۔

پارلیمنٹ کی کمیٹیوں کو نظر انداز کرنا مناسب نہیں ہے، انہوں نے کہا کہ مالی سال 2019-20 کا بجٹ منظور ہونے کے بعد ہاؤس آف فیڈریشن کی قائمہ کمیٹی برائے منصوبہ بندی و ترقیات کے اجلاس میں چاروں صوبوں سے تعلق رکھنے والے اراکین کمیٹی نے کچھ نئی سکیمیں شامل کرنے کا کہا تو قائمہ کمیٹی کو واضح طور پر آگاہ کیا گیا کہ بجٹ منظور ہو چکا ہے اب نئی اسکیمیں شامل نہیں کی جا سکتیں۔

حیرت کی بات ہے اُسی بجٹ میں 42 نئی سکیمیں شامل کی گئی یہ سکیمیں کسی کی منظور ی سے شامل کی گئی ہیں ان سکیموں کی مکمل تفصیلات بشمول لاگت، کہاں کہاں اور کس صوبے میں ہیں کی تفصیلات آئندہ اجلاس میں متعلقہ وزیر اور سیکرٹری منصوبہ بندی کمیٹی کو آگاہ کریں۔

ذیلی کمیٹی نے بجٹ کے بعد شامل کی جانی والی نئی سکیموں کی تفصیلات طلب کر لیں۔ سینیٹر میر کیبر احمد محمد شاہی نے کہا کہ قائمہ کمیٹی کے ساتھ جھوٹ بولا گیا اور غلط بیانی کی گئی اسکا جائزہ لیاجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ صوبہ بلوچستان کی ترقی و خوشحالی کو نظر انداز نہیں کرنے دیں گے، صوبہ بلوچستان کے صوبائی دارلخلافہ کوئٹہ میں درجہ حرارت ابھی منفی چار تک گر گیا ہے اور بچے نیچے فرش پر بیٹھ کر امتحانات دیں رہے ہیں۔ اگر دارلخلافہ کا یہ حال ہے تو باقی شہروں کا کیا حال ہو گا ہمارے صوبے کے 93فیصد لوگوں کو گیس کی سہولت نہیں ہے اور 88فیصد لوگ بجلی سے محروم ہیں۔

سینیٹر عثمان خان کاکڑ نے کہا کہ ہمارے صوبے کے وہ منصوبے جو گزشتہ چند سالوں سے چلے آ رہے تھے اُن کی فنڈنگ روک لی گئی ہے جو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔

کمیٹی کے آج کے اجلاس میں سینیٹر ز عثمان خان کاکڑ،انجینئر رخسانہ زبیری کے علاوہ ایڈیشنل سیکرٹری وزارت منصوبہ بندی  اور دیگر حکام نے شرکت کی.۔

عبداللہ مومند اسلام آباد میں رہائش پذیر ایک تحقیقاتی صحافی ہیں۔