تاریخ میں پہلی بار خواجہ سرا پنجاب پولیس میں افسر تعینات

تاریخ میں پہلی بار خواجہ سرا پنجاب پولیس میں افسر تعینات
پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار پولیس فورس میں خواجہ سرا کو بھرتی کیا گیا ہے۔ راولپنڈی پولیس میں شامل ہونے والی ان خواجہ سرا کا نام ریم شریف ہے جو کہ جلد اپنی ذمہ داریاں سنبھال لیں گی۔

بی بی سی نے بتایا ہے کہ راولپنڈی پولیس کے حکام کے مطابق ریم شریف نامی خواجہ سرا کو تمام قانونی تقاضے پورے کرنے کے بعد بھرتی کیا گیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق راولپنڈی پولیس ہیڈ کوارٹر کے ایک اہلکار محمد ارشد نے بتایا کہ ریم شریف کی بھرتی کا عمل مکمل ہونے کے بعد اُنھیں پولیس سٹیشن میں آنے والے لوگوں اور خاص طور پر خواجہ سراؤں کے مسائل حل کرنے کے حوالے سے تربیت بھی دی گئی ہے۔

ریم شریف کی تعیناتی راولپنڈی میں واقع خواتین پولیس سٹیشن میں کی جائے گی۔ اس پولیس سٹیشن میں خواجہ سراؤں کے مسائل کو سننے کے لیے راولپنڈی پولیس کے اعلیٰ حکام نے ایک علیحدہ سے ڈیسک بنایا ہے تاکہ وہاں پر ان کے مسائل کو سنا جا سکے۔

ریم شریف چودہویں سکیل کی افسر ہوں گی، جب کہ انکو وہی یونیفارم دیا جائے گا جو وویمن پولیس سٹیشن میں تعینات خواتین پولیس اہلکاروں نے زیب تن کیا ہوتا ہے۔

مذکورہ خواجہ سرا ریم شریف ٹرانس جینڈرز کے حقوق کے لیے بڑے سرگرم رہے ہیں۔ سینٹرل پولیس آفس صوبہ پنجاب کے شعبہ تعلقات عامہ کے ایک اہلکار محمد وقاص کے مطابق صوبے کے باقی صوبوں میں واقع خواتین پولیس سٹیشنز میں بھی مرحلہ وار خواجہ سراؤں کو بھرتی کیا جائے گا۔