چین سے درآمد کاروں میں 1 ارب سے زائد کی ہیرا پھیری کا انکشاف

چین سے درآمد کاروں میں 1 ارب سے زائد کی ہیرا پھیری کا انکشاف
چین سے پاکستان لائی گئی کاروں میں انڈر انوائسنگ میگا اسکینڈل کا انکشاف ہوا ہے۔

معروف انگریزی اخبار بزنس ریکارڈر کی ویب سائٹ کے مطابق پاکستان فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے ایم جی کیپیٹل نامی کمپنی کے خلاف درآمد شدہ کاروں میں 1 ارب روپے سے زائد کی ہیرا پھیری کی تحقیقات شروع کر دیں۔

ذرائع کے مطابق ایف بی آر نے شنگھائی چائنا سے متعلق بھی انکوائری شروع کر دی ہے۔

واضح رہے کہ چین سے کاریں امپورٹ کرنے والی ایم جی کیپیٹل جاوید آفریدی کی ملکیت ہے، اس کمپنی نے ایم جی ایچ ایس ماڈل کی ایک کار کی قیمت 11 ہزار 632 ڈالر ظاہر کی، جب کہ دنیا کے دوسرے ملکوں میں یہی کار 27 ہزار ڈالر میں فروخت ہو رہی ہے۔

انڈر انوائسنگ اسکینڈل پر وزارتوں اور تحقیقاتی ایجنسیوں کو بھی اعتماد میں لے لیا گیا ہے، ایف بی آر کو درآمد کی گئی 400 کاروں کی انڈر انوائسنگ کے شواہد بھی مل گئے ہیں۔

ذرائع نے کہا ہے کہ کمپنی نے 400 کاروں پر ایک ارب 10 کروڑ روپے کی ہیرا پھیری کی، جس پر چین سے کاروں کی درآمد پر ڈیوٹی ٹیکس چوری کی انکوائری ہو رہی ہے۔