پی ڈی ایم اسٹیرنگ کمیٹی کا اجلاس، بلاول بھٹو نے شرکت نہیں کی

پی ڈی ایم اسٹیرنگ کمیٹی کا اجلاس، بلاول بھٹو نے شرکت نہیں کی

حکومت مخالف اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کا اجلاس پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی سربراہی میں جاری ہے۔


پی ڈی ایم کے اجلاس میں مریم نواز، شاہد خاقان عباسی، راجا پرویز اشرف، زاہد خان، سکندر شیرپاؤ، بی این پی مینگل سے جہانزیب جمالدینی، آغا حسن بلوچ، اکرم درانی اور دیگر رہنما شریک ہیں۔


ذرائع کے مطابق اجلاس میں الیکشن کمیشن کے باہر احتجاج کی حکمت عملی زیر غور آئے گی جب کہ  31 جنوری کی ڈیڈ لائن کے بعد پی ڈی ایم کی حکمت عملی پر بھی مشاورت ہوگی۔


پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ اجلاس میں 19 جنوری کو الیکشن کمیشن کے سامنے مظاہرے کو حتمی شکل دی جائے گی اور لانگ مارچ پر تفصیلی مشاورت ہوگی جبکہ اسمبلیوں سے استعفوں کا معاملہ بھی زیر غور آئے گا۔


پی ڈی ایم کے اجلاس میں پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری شریک نہیں ہے۔


اس معاملے پر جب مریم نواز اجلاس میں شرکت کے لیے پہنچیں تو صحافی نے ان سے سوال کیا کہ بلاول بھٹو آج بھی نہیں آپ کیا کہیں گی؟ اس پر مریم نواز کا کہنا تھا کہ بلاول اسٹیرنگ کمیٹی کے ممبر نہیں ہیں اس لیے وہ نہیں آئے۔ صحافی نے سوال کیا کہ اسٹیرنگ کمیٹی کی آپ بھی ممبر نہیں ہیں، اس پر لیگی رہنما نے کہا کہ مجھے آج خصوصی طور پر اجلاس میں شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔