'نواز شریف کے پاس خفیہ کالز اور وڈیوز کا خزانہ، درجنوں ریاستی رازوں سے بھی واقف'

'نواز شریف کے پاس خفیہ کالز اور وڈیوز کا خزانہ، درجنوں ریاستی رازوں سے بھی واقف'
جاوید چودھری نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن کے قائد اس بار پیچھے ہٹنے کے لیے تیار نہیں ہیں۔ ان کے پاس خفیہ کالز اور وڈیوز کا ٹھیک ٹھاک خزانہ بھی موجود ہے اور وہ درجنوں ایسے ریاستی رازوں سے بھی واقف ہیں جن کا اعتراف ریاست کو لے کر بیٹھ جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ بات اب ڈھکی چھپی نہیں رہی کہ نواز شریف سے لندن میں مذاکرات کے کئی سیشن ہوئے۔ تین ملکوں نے اس میں اہم کردار ادا کیا اور یہ ان مذاکرات کے گارنٹر بھی ہیں۔

انہوں نے اپنے کالم میں لکھا کہ یہ مذاکرات کیوں ہوئے؟ اس کی تین بڑی وجوہات ہیں۔ پہلی وجہ ملک کی معاشی حالت ہے۔ پاکستان معاشی لحاظ سے حقیقتاً تباہی کے دہانے پر کھڑا ہے اور یہاں سے واپسی کا بھی کوئی چانس نظر نہیں آ رہا۔ ہم نے غیر ملکی بینکوں سے قرض تک لینا شروع کر دیے ہیں۔ ملک میں پہلی مرتبہ ڈیفنس کے اخراجات پورے کرنے کے لیے بھی قرضے لیے جا رہے ہیں اور اگر خدانخواستہ اس صورت حال میں بھارت کی طرف سے کسی قسم کی جارحیت ہو جائے تو ملک کہاں کھڑا ہو گا؟ چناںچہ اس نازک وقت میں مذاکرات ضروری تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ دوسری وجہ میاں نواز شریف کا مضبوط مؤقف ہے۔ یہ اس بار پیچھے ہٹنے کے لیے تیار نہیں تھے۔ ان کے پاس خفیہ کالز اور وڈیوز کا ٹھیک ٹھاک خزانہ بھی موجود ہے اور یہ درجنوں ایسے ریاستی رازوں سے بھی واقف ہیں جن کا اعتراف ریاست کو لے کر بیٹھ جائے گا لہٰذا فیصلہ ساز قوتوں کو محسوس ہوا ہم نے اگر انھیں گنجائش نہ دی۔ اپنے پرانے فیصلے ’’ان ڈو‘‘ نہ کئے تو ہماری آزمائش میں اضافہ ہو جائے گا اور تیسری وجہ حکومت کی خوف ناک نالائقیاں اور حماقتیں ہیں۔