لاپتا افراد کے لئے تیار کردہ بل ''گم'' ہو گیا، شیریں مزاری کا انکشاف

لاپتا افراد کے لئے تیار کردہ بل ''گم'' ہو گیا، شیریں مزاری کا انکشاف
وفاقی وزیر انسانی حقوق شیریں مزاری نے انکشاف کیا ہے کہ لاپتا افراد کے حوالے تیار کردہ بل قومی اسمبلی سے منظور تو ہو گیا تھا، لیکن معلوم نہیں سینیٹ جاتے جاتے وہ راستے میں کہاں گم ہوگیا۔
شیریں مزاری نے بتایا کہ ہم نے بل تیار کر لیا تھا جو کہ قائمہ کمیٹی اور قومی اسمبلی دونوں سے منظور ہو گیا تھا۔ لاپتا افراد سے متعلق قانون سازی کے لئے کام مکمل ہو چکا ہے۔ تاہم کہا جا رہا ہے کہ بل اب سینیٹ سیکریٹریٹ کے پاس موجود ہے۔
خیال رہے کہ کریمنل لا ترمیمی بل 2021ء کو گذشتہ سال 8 نومبر کو قومی اسمبلی نے پاس کیا تھا۔ اس بل کو جون میں وزیر داخلہ کی جانب سے اسمبلی میں پیش کیا گیا تھا۔
علاوہ ازیں وزارت انسانی حقوق نے صوبوں سے جرمانہ ادا نہ کرپانے والے قیدیوں کی تفصیلات طلب کر لی ہیں۔

اس حوالے سے شیریں مزاری کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کو ضمانت مل جاتی ہے لیکن بعض لوگوں کے مقدمے کئی برس تک چلتے رہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں بعض قیدی جرمانے ادا نہ کرنے کے باعث جیلوں میں ہیں، ہم نے صوبوں سے ان کی تفصیلات طلب کی ہیں۔ وفاقی وزیر نے اعلان کیا کہ وزارت انسانی حقوق ان کے جرمانے ادا کرے گی۔