شیخ رشید کی تجویز مسترد، وزیراعظم کا سندھ میں گورنر راج نہ لگانے کا فیصلہ

شیخ رشید کی تجویز مسترد، وزیراعظم کا سندھ میں گورنر راج نہ لگانے کا فیصلہ
وزیراعظم عمران خان نے وزیر داخلہ شیخ رشید کی تجویز مسترد کرتے ہوئے صوبہ سندھ میں گورنر راج نہ لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ فیصلہ وزیراعظم کے زیر صدارت ہونے والے ایک اہم اجلاس میں کیا گیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کے زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں شریک شرکا کی اکثریت نے سندھ میں گورنر راج لگانے کی مخالفت کی۔ وزیر داخلہ شیخ رشید نے گورنر راج کی سمری پیش کی۔ شیخ رشید سمیت دو وفاقی وزرا نے گورنر راج کی حمایت کی جبکہ اکثریت کی رائے تھی کہ گورنر راج لگانے سے قانونی پیچیدگیاں ہوں گی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اکثریت کی رائے تھی کہ گورنر راج سے معاملات مزید خراب ہو سکتے ہیں جبکہ وزیر اعظم عمران خان نے سندھ میں گورنر راج نافذ کرنے کی مخالفت کرتے ہوئے معاملے پر مزید غور کی ہدایت کر دی۔

عمران خان کا کہنا تھا یہ چاہے جتنا بھی پیسہ لگا لیں ان کا مقابلہ کروں گا، یہ لوگ مائنس ون چاہتے ہیں ایسا کسی صورت نہیں ہو سکتا، شکر ہے یہ مطالبہ کر رہے ہیں اس سے ہم اور اوپر جائیں گے۔

وزیراعظم عمران خان نے اپوزیشن کی تمام جماعتوں کا ڈٹ کر مقابلہ کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ 27 مارچ کے جلسے میں قوم تبدیلی کے ساتھ نظر آئے گی۔

ان کا کہنا ہے وزیراعظم کا کہنا تھا منحرف اراکین کے خلاف ایسے اقدامات کریں گے کہ مستقبل میں کسی کو ہارس ٹریڈنگ کی جرات نہیں ہوگی۔

اجلاس میں عمران خان نے منحرف اراکین کے خلاف قانونی کارروائی کا اعلان کرتے ہوئے سیکرٹری جنرل پاکستان تحریک انصاف عامر کیانی اور مشیر برائے پارلیمانی امور بابر اعوان کو قانونی کارروائی کی ہدایت کی۔

یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم عمران خان کو اب سندھ میں گورنر راج لگانا پڑیگا، اور کوئی حل نہیں ہے: شیخ رشید

خیال رہے کہ گذشتہ روز وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے وزیراعظم عمران خان کو مشورہ دیتے ہوئے کہا تھا کہ انھیں سندھ میں گورنر راج لگانا پڑے گا کیونکہ اب اس کے علاوہ اور کوئی دوسرا حل نہیں ہے۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری اپنے اہم بیان میں شیخ رشید کا کہنا تھا کہ صوبہ سندھ میں گورنر راج کے بغیر اب کوئی دوسرا حل نہیں ہے کیونکہ سندھ حکومت ہارس ٹریڈنگ کرکے کھلم کھلا آئین کی خلاف ورزی کر رہی ہے۔ اب بلیک میلرز اور ووٹ بیچنے اور خریدنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں۔

https://twitter.com/ShkhRasheed/status/1504469207496343564?ref_src=twsrc%5Etfw%7Ctwcamp%5Etweetembed%7Ctwterm%5E1504469207496343564%7Ctwgr%5E%7Ctwcon%5Es1_c10&ref_url=https%3A%2F%2Furdu.nayadaur.tv%2Fnews%2F82339%2Fsheikh-rasheed-prime-minister-imran-khan-no-confidence-motion%2F

شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ 25 فروری 2009ء کو اس وقت کے وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کی سفارش پر آئین کے آرٹیکل 237 کے تحت صدر آصف علی زرداری نے شہباز شریف کی حکومت کے خلاف 2 مہنیے کے لئے گورنر راج نافذ کیا۔ صوبہ سندھ میں آج تک تین گورنر راج لگ چکے ہیں۔