القاعدہ رہنما ایمن الظواہری ڈرون حملے میں ہلاک ہوگئے، امریکی صدر

القاعدہ رہنما ایمن الظواہری ڈرون حملے میں ہلاک ہوگئے، امریکی صدر
امریکی صدرجو بائیڈن نے کہا ہے کہ القاعدہ رہنما ایمن الظواہری افغانستان میں ڈرون حملے میں ہلاک ہوگئے۔

صدر جو بائیڈن نے بیان میں کہا کہ القاعدہ کے سربراہ ایمن الظواہری کابل میں امریکی ڈرون حملے میں ہلاک ہوگئے۔ انہوں نے کہا کہ الظواہری متعدد امریکی شہریوں کے قتل کے ذمہ دار تھے۔

امریکی میڈیا کے مطابق امریکی خفیہ ایجنسی(سی آئی اے ) نے افغان دارالحکومت کابل میں اتوار کو ڈرون حملے میں ایمن الظواہری کو نشانہ بنایا۔

ڈرون حملے میں کوئی شہری ہلاک نہیں ہوا۔ ایمن الظواہری نے القاعدہ کے بانی لیڈر اسامہ بن لادن کی 2011 موت کے بعد تنظیم کی کمان سنبھالی تھی۔

امریکا نے ایمن الظواہری کی گرفتاری میں مدد کرنے پر 25 ملین ڈالرز کا انعام مقرر کیا تھا۔ دوسری جانب طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے امریکی ڈرون حملے کی تصدیق کرتے ہوئے اس کی مذمت کی اور حملے کو عالمی قوانین کی خلاف ورزی قرار دیا۔