پاکستان آئندہ 12 ماہ مسلسل بین الاقوامی کرکٹ میں مصروف رہے گا

پاکستان آئندہ 12 ماہ مسلسل بین الاقوامی کرکٹ میں مصروف رہے گا
پاکستان کرکٹ بورڈ نے نیشنل مینز اور ویمنز کرکٹ ٹیموں کی آئندہ 12 ماہ کی مصروفیات پر مشتمل مکمل بین الاقوامی کرکٹ سیزن کی تفصیلات جاری کر دی ہیں۔

مئی 2022ء سے مئی 2023ء تک پانچ مینز اور پانچ ویمنز غیر ملکی کرکٹ ٹیمیں پاکستان کا دورہ کریں گی۔ اس دوران قومی مینز کرکٹ ٹیم 7 ٹیسٹ، 17 ون ڈے اور 25 ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز کھیلے گی۔ آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں شامل یہ 7 ٹیسٹ میچز میں سے 2 سری لنکا، 3 انگلینڈ اور 2 نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلے جائیں گے۔

آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ سپر لیگ میں شامل 12 ون ڈے انٹرنیشنل میچز ویسٹ انڈیز، سری لنکا، نیوزی لینڈ اور نیدرلینڈزکے خلاف کھیلے جائیں گے۔ اس عرصہ کے دوران قومی کرکٹ ٹیم اے سی سی ٹی ٹونٹی ایشیا کپ اور آئی سی مینز ٹی ٹونٹی ورلڈکپ میں بھی شرکت کرے گی۔

ٹی ٹونٹی طرز کی کرکٹ میں ان دو ایونٹس کے علاوہ پاکستان کرکٹ ٹیم آئندہ 12 ماہ میں انگلینڈ کے خلاف 7 ، ویسٹ انڈیز کے خلاف 3 اور نیوزی لینڈ کے خلاف 5 ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز بھی کھیلے گی۔ نیوزی لینڈکی ٹیم اپریل 2023 میں دورہ پاکستان میں پانچ ون ڈے انٹرنیشنل سمیت پانچ ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز بھی کھیلے گی۔

دوسری جانب قومی خواتین کرکٹ ٹیم کو بھی آئندہ 12 ماہ میں چیلجنگ کرکٹ کھیلنے کو ملے گی، جہاں انہیں اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا بہترین موقع ملے گا۔اس دوران قومی خواتین کرکٹ ٹیم بسمہ معروف کی قیادت میں 8 انٹرنیشنل سیریزکھیلے گی۔

ان انٹرنیشنل سیریز میں آئی سی سی ویمنز چیمپئن شپ، آئی سی سی ویمنز ٹی ٹونٹی ورلڈکپ، کامن ویلتھ گیمز، ایشین گیمزاور اے سی سی ویمنز ٹی ٹونٹی ایشیا کپ بھی شامل ہیں۔ سری لنکا کی خواتین کرکٹ ٹیم تین ون ڈے انٹرنیشنل میچز کھیلنے مئی میں پاکستان آئے گی۔

یہ پہلا موقع ہوگا کہ جب پاکستان آئی سی سی ویمنز چیمپئن شپ کے کسی میچ کی میزبانی کرے گا۔مہمان ٹیم کے اس دورہ میں تین ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز بھی شامل ہیں۔ قومی خواتین کرکٹ ٹیم ستمبر میں چین روانہ ہوگی، جہاں وہ ایشین گیمز میں شرکت کرے گی۔ پھر اکتوبر نومبر میں آئرلینڈ کی خواتین کرکٹ ٹیم پاکستان کا دورہ کرے گی۔

اس دوران مہمان ٹیم تین ون ڈے اور تین ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز کھیلے گی۔ ادھر پاکستان شاہینز کی بھی 19ویں ایشین گیمز میں شرکت یقینی ہے، تاہم پی سی بی پاکستان شاہینز کے لیے مزید کرکٹ سیریز کے انعقاد کے لیے کوشاں ہے۔ پاکستان کی انٹرنیشنل سیریز (مئی 2022تا اپریل 2023، مقررہ تاریخوں/مقامات کا اعلان بعد میں کیا جائے گا)۔ 24 مئی تا 5 جون سری لنکا ویمنز کرکٹ ٹیم دورہ کراچی میں 3 ون ڈے اور 3 ٹی ٹونٹی کھیلے گی۔ 5تا 12جون ویسٹ انڈیزمینز کرکٹ ٹیم دورہ راولپنڈی 3ون ڈیانٹرنیشنل میچز کھیلے گی۔ جولائی تا اگست پاکستان مینز ٹیم دورہ سری لنکا میں 2 ٹیسٹ اور 3 ون ڈیانٹرنیشنل میچز کھیلے گی۔ 12 تا 24 جولائی قومی خواتین کرکٹ ٹیم بیلفاسٹ میں سہ فریقی ٹی ٹونٹی سیریز میں 4 ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز کھیلے گی۔ 25 جولائی تا 8 اگست قومی خواتین کرکٹ ٹیم برمنگھم کامن ویلتھ گیمز میں 7 ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز کھیلے گی۔

https://twitter.com/TheRealPCBMedia/status/1514866328645025793?s=20&t=SbmZHWWOvQWRepz7-SYwAQ

اگست میں پاکستان مینز کرکٹ ٹیم دورہ نیدرلینڈز میں تین ون ڈے انٹرنیشنل میچز کھیلے گی۔ یکم تا 17 ستمبر اے سی سی مینز ٹی ٹونٹی کپ میں قومی مینز کرکٹ ٹیم کی سری لنکا میں 5 ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز کھیلے گی۔ 10 تا 25 ستمبر پاکستان ویمنز اور پاکستان شاہینز 19ویں ایشین گیمز میں شرکت کے لیے چین کے شہر گانگزو کا دورہ کرے گی۔

ستمبر تا اکتوبر انگلینڈ مینز ٹیم دورہ پاکستان میں 7 ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز کھیلے گی۔ 15 اکتوبر تا 15 نومبر: آسٹریلیا میں آئی سی سی مینز ٹی ٹونٹی ورلڈکپ کھیلا جائے گا۔ 30 اکتوبر تا 19 نومبر آئرلینڈ ویمنز دورہ لاہور/کراچی میں3 ون ڈے انٹرنیشنل اور 3 ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز کھیلے گی۔ نومبرتا دسمبر انگلینڈ مینز ٹیم دورہ پاکستان میں 3 ٹیسٹ میچز کھیلے گی۔

نومبر تا دسمبر اے سی سی ویمنز ٹی ٹونٹی ایشیا کپ میں 8 ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز کھیلے جائیں گے۔ دسمبرتاجنوری نیوزی لینڈ مینز ٹیم دورہ پاکستان میں ٹیسٹ اور 3 ون ڈیانٹرنیشنل میچز کھیلے گی۔4 جنوری تا یکم فروری پاکستان ویمنز ٹیم دورہ آسٹریلیا میں 3 ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل اور 3 ون ڈے انٹرنیشنل میچز کھیلے گی۔جنوری میں ویسٹ انڈیز مینز ٹیم کا دورہ پاکستان میں 3 ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز کھیلے گئے۔

جنوری تا فروری میں آئی سی سی ویمنز انڈر 19 ٹی ٹونٹی ورلڈکپ، جنوبی افریقہ، 2 تا 26 فروری آئی سی سی ویمنز ٹی ٹونٹی ورلڈکپ، جنوبی افریقہ، اپریل تا مئی نیوزی لینڈ مینز ٹیم دورہ پاکستان میں 5 ون ڈے انٹرنیشنل اور 5 ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز کھیلے جائیں گے۔