نامناسب رویے پر مارننگ شو میزبان کی ناصر خان جان سے معذرت

05:16 PM, 8 May, 2019

نیا دور

پاکستانی ٹوئٹر پر ناصر خان جان گزشتہ روز ٹاپ ٹرینڈ رہا، جس کی وجہ ان کی نجی ٹی وی چینل سما کے پروگرام نیا دن میں شرکت اور پروگرام کے اینکرز کی جانب سے نہ صرف ان کے ساتھ ہتک آمیز سلوک بلکہ ان کی تضحیک ہے۔ ناصر خان جان سوشل میڈیا پر مشہور ہیں اور فیس بُک اور یوٹیوب پر ان کی مزاحیہ ویڈیوز بہت دیکھی جاتی ہیں۔


سوشل میڈیا اسٹار ناصر خان جان کو گزشتہ روز اس وقت متعدد افراد کی حمایت حاصل ہوئی جب انہیں گزشتہ روز ایک مارننگ شو نیا دن میں تضحیک کا نشانہ بنایا گیا۔ اس واقعے کے بعد بیشتر افراد نے ناصر خان جان کی حمایت کرتے ہوئے میزبان محمد شعیب کے کے جارحانہ رویے کی مذمت کرتے ہوئے ناصر خان جان کو پرسکون رہنے پر سراہا۔



معاملے پر سماء ٹی وی کے میزبان محمد شعیب نے سوشل میڈیا اسٹار ناصر خان جان سے معافی مانگ لی ہے۔  بدھ کی صبح مارننگ شو نیا دن کا آغاز کرتے ہوئے محمد شعیب نے کہا کہ ناصر خان جان ہمارے شو میں بطور مہمان آئے۔ لیکن میں ان کا احترام نہ کرپایا۔ میں نے کچھ سوال کیے۔ میرے وہ سوال، میرا طریقہ اور میرا انداز غلط تھا جس کے باعث ناصر خان جان، ان کے مداحوں اور ہمارے ناظرین کی دل آزاری ہوئی۔



محمد شعیب نے کہا کہ میں ناصر خان جان، ان کے مداحوں اور اپنے ناظرین سے معافی مانگتا ہوں کیوں کہ میں نے جو کچھ کیا، وہ انتہائی غلط تھا۔ انہوں نے کہا کہ میں نے اس واقعہ سے سیکھا کہ مہمان کی عزت کرنی ہے اور بہتر طریقے سے سوال کرنا ہے۔

محمد شعیب نے ناصر خان جان کو بھی ٹیلی فون پر لیا اور ان سے کہا کہ آپ ہمارے پروگرام میں آئے تھے، میں نے کچھ سخت سوال کیے، میں اس پر نادم اور شرمندہ ہوں، وہ سوال اور انداز غلط تھا۔ میں اس پر معذرت خواہ ہوں۔

ناصر خان نے محمد شعیب کی معذرت قبول کرتے ہوئے کہا کہ کوئی مسئلہ نہیں۔ میرے دل میں اس طرح کا کچھ بھی نہیں ہے۔

ناصر خان جان نے کہا کہ ہم جب بھی کسی شو میں جاتے ہیں تو اینکر مختلف سوال پوچھتے ہیں۔ بعض اوقات ہم تیاری کرکے جاتے ہیں تو معاملہ بہتر انداز میں ہینڈل کرلیتے ہیں اور کبھی ہم تیاری نہیں کرپاتے۔

محمد شعیب نے ایک بار پھر معذرت کرتے ہوئے ناصر خان جان کے اعلیٰ ظرفی کو بھی سراہا۔اس معذرت سے قبل ناصر خان جان نے ایک ویڈیو میں اس واقعے پر بات کرتے ہوئے اپنے مداحوں کی سپورٹ پر ان کا شکریہ ادا کیا تھا۔ انہوں نے کہا 'میں ان تمام کنٹس اور پوسٹس پر آپ کا شکر گزار ہوں جس میں مجھے اور میرے بولنے کے حق کو سپورٹ کیا گیا'۔


انہوں نے ایے تمام شوز کے لیے ایک پیغام بھی دیا 'جب آپ کسی مہمان کو اپنے شو میں مدعو کرتے ہیں، تو پلیز اس کا احترام کریں، اگر آپ اس کا احترام کریں گے تو اور لوگ بھی خوشی سے آپ کے شو میں آئین گے، میں نہیں جانتا تھا کہ مجھ سے شو میں ایسے سوالات پوچھیں جائیں گے اور ایسا کچھ ہوگا'
مزیدخبریں