ڈیرہ اسماعیل خان میں سکیورٹی فورسز کے قافلے پر خود کش حملہ، 2 جوان شہید

آئی ایس پی آر نے کہا کہ اس حادثے میں 38 سالہ نائب صوبیدار یاسر شکیل اور 34 سالہ سپاہی طاہر نوید نے جام شہادت نوش کرلیا. دونوں سپاہیوں کا تعلق کوہاٹ سے تھا۔

10:56 AM, 22 Mar, 2024

نیا دور

ڈیرہ اسماعیل خان (ڈی آئی خان) میں سکیورٹی فورسز کے قافلے پر خود کش حملہ ہوا ہے۔ جس کے نتیجے میں 2 جوان شہید ہوگئے ہیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق 21 مارچ کو خودکش بمبار نے گاڑی فورسز کے قافلے سے ٹکرادی تھی۔

آئی ایس پی آر نے کہا کہ اس حادثے میں 38 سالہ نائب صوبیدار یاسر شکیل اور 34 سالہ سپاہی طاہر نوید نے جام شہادت نوش کرلیا. دونوں سپاہیوں کا تعلق کوہاٹ سے تھا۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق سکیورٹی فورسز دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پُرعزم ہیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے اپنے بیان میں مزید کہا ہے کہ بہادر جوانوں کی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ بزدلانہ حملوں کے ذمہ داروں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں بھی دہشت گردوں نے شمالی وزیرستان میں بزدلانہ حملہ کیا تھا۔

میرعلی کے مقام پر دہشت گردوں نے ہفتے کو سیکیورٹی چیک پوسٹ پر حملہ کیا تھا۔ جس کے نتیجے میں لیفٹیننٹ کرنل اور کیپٹن سمیت 7 فوجی شہید ہوگئے تھے۔ جبکہ فورسز کے آپریشن میں 6 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔

مزیدخبریں