''کشمیر سے توجہ ہٹانے کیلئے دہشت گردی کے جھوٹے بھارتی دعوے متوقع تھے''

''کشمیر سے توجہ ہٹانے کیلئے دہشت گردی کے جھوٹے بھارتی دعوے متوقع تھے''
وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ مقبوضہ کشمیر سے عالمی توجہ ہٹانے کے لیے بھارت کی جانب سے دہشت گردی کے جھوٹے دعوے متوقع تھے۔

سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر پر وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ بھارتی میڈیا دعوے کررہا ہے کہ افغانستان سے کچھ دہشت گرد مقبوضہ وادی میں داخل ہوئے ہیں، بھارتی دعویٰ ہے کہ دہشت گرد جنوبی علاقوں میں بھی داخل ہوئے ہیں تاہم یہ دعوے مقبوضہ وادی میں کشمیریوں کی نسل کشی کے ایجنڈے سے توجہ ہٹانے کے لیے ہیں۔



وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ بین الاقوامی برادری کو متنبہ کرنا چاہتا ہوں کہ بھارت مقبوضہ وادی میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے توجہ ہٹانے کے لیے جھوٹے آپریشن کرے گا۔



وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ بھارتی میڈیا 100 کے لگ بھگ دہشت گرد داخل ہونے کا جھوٹا پروپیگنڈا کر رہا ہے، بھارت مقبوضہ کشمیر میں فالس فلیگ آپریشن کر سکتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ بھارت آج مقبوضہ کشمیر میں عوامی احتجاج کو طاقت سے روکنے کی کوشش کرے گا، احتجاج کے دوران خون خرابے کا خدشہ ہے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ بھارتی میڈیا کے پاکستان پر الزامات ہمارے خدشات کی تائید کر رہے ہیں، مجھے خدشہ ہے کہ جمعے کے بعد کوئی واقعہ رونما ہو سکتا ہے، اگر کوئی واقعہ رونما ہوا تو وہ حقائق چھپانے کے لیے ایک ڈراما ہو گا، ڈراما اس لیے رچایا جائے گا تاکہ بھارت ہم پر انگلیاں اٹھا سکے۔