پی ٹی آئی نے ممکنہ گرفتاریوں سے بچنے کیلئے اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کردی

پی ٹی آئی نے ممکنہ گرفتاریوں سے بچنے کیلئے اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کردی
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں ممکنہ گرفتاریوں اور راستوں کی بندش کے خلاف درخواست دائر کردی۔

درخواست میں مؤقف اپنایا گیا ہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ انتظامیہ اور پولیس کو گرفتاریوں اور راستوں کی بندش سے روکے۔

درخواست میں چیف کمشنر، ڈپٹی کمشنر اور آئی جی اسلام آباد کو فریق بنایا گیا ہے۔

اس حوالے سے پی ٹی آئی کے سینئر رہنما اسد عمر نے سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ شہریوں کو پرامن احتجاج ریکارڈ کروانے کا حق بھی دستورِ پاکستان ہی دیتا ہے، پرامن احتجاج کیخلاف امپورٹڈ سرکار کو باز رکھا جائے۔

واضح رہے کہ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے 25 مئی کو اسلام آباد آزادی مارچ کا اعلان کیا ہے۔

عمران خان نےحکومت سے اسمبلی توڑنے اور انتخابات کرانے کی تاریخ مانگ لی اور صاف شفاف انتخابات کرانے کا مطالبہ کیا ہے۔