پی ٹی آئی رہنما عبدالعلیم خان نے وزارت سے استعفیٰ دیدیا

پی ٹی آئی رہنما عبدالعلیم خان نے وزارت سے استعفیٰ دیدیا
تحریک انصاف کے سینئر رہنما اور صوبائی وزیر خوراک عبدالعلیم خان نے اپنی وزارت سے استعفیٰ دیدیا ہے۔ انہوں نے اپنی ٹویٹ میں کہا ہے کہ سماء چینل خریدنے کے بعد غیر جانبداری برقرار رکھنے کیلئے وزارت سے مستعفی ہو رہا ہوں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری بیان میں عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان سے آج ہونے والی ملاقات میں انہیں قائل کیا کہ اپنے نیوز چینل سماء نیوز کے حوالے سے غیر جانبداری قائم رکھنے کیلئے ضروری ہے کہ میرے پاس کوئی حکومتی عہدہ نہ ہو۔

ان کا کہنا تھا کہ لہٰذا بطور سینئر وزیر اور وزیر خوراک حکومت پنجاب اب میرا استعفیٰ قبول فرما لیں، میں اُن کا ممنون ہوں، انہوں نے میری یہ گزارش تسلیم فرما لی ہے۔ میں اپنا استعفیٰ وزیراعلیٰ پنجاب کو بھجوا رہا ہوں۔

https://twitter.com/aleemkhan_pti/status/1464158914925187081?s=20

خیال رہے کہ رواں سال ستمبر میں پاکستان الیکٹرونک میڈیا ریگیولیٹری اتھارٹی کی جانب سے منظوری کے بعد سماء ٹی وی کے حصص عبدالعلیم خان اور ان کی صاحبزادی کی ملکیت رئیل اسٹیٹ کمپنی پارک ویو لمیٹڈ کو منتقل کر دئیے گئے تھے۔

بی بی سی نے بتایا تھا کہ اجلاس کے دوران بلوچستان سے پیمرا کے رکن فرح عظیم شاہ نے سما ٹی وی چلانے والی کمپنی جاگ براڈکاسٹنگ سسٹمز لمیٹڈ کی درخواست منظور کرنے کے اس فیصلے کی مخالفت کی تھی، جس میں انہوں نے انتظامیہ کی تبدیلی اور اس کے حصص لاکھوں کے واجبات ادا کیے بغیر منتقلی کی درخواست کی تھی۔