پی ٹی آئی وفد کی سپیکر قومی اسمبلی سے ملاقات کی اندرونی کہانی

پی ٹی آئی وفد کی سپیکر قومی اسمبلی سے ملاقات کی اندرونی کہانی
سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف سے پاکستان تحریک انصاف کے وفد کی ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آ گئی۔ استعفے نہ دینے والے اراکین کی جانب سے خفیہ رابطوں کا بھی انکشاف ہوا ہے۔

ذرائع کے مطابق سپیکر قومی اسمبلی نے ملاقات میں استعفے نہ دینے والے اراکین اور خفیہ رابطوں سے بات کرنے والے پی ٹی آئی اراکین سے متعلق بات سامنے رکھ دی۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ سپیکر نے پی ٹی آئی کے اراکین اسمبلی کی جانب سے حاضری کی بنیاد پر تنخواہ لینے کا دعویٰ بھی کیا۔ سپیکر کے انکشافات کے بعد اسد قیصر کا کہنا تھا ہم اس بارے میں عمران خان سے بات کرکے آپ کو بتائیں گے۔

ذرائع قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے مطابق زبیدہ جلال، غلام بی بی بھروانہ، غلام محمد لالی نے حاضری رجسٹر میں حاضری لگا دی۔ 22 ارکان نے اسپیکر کو ٹیلیفون کیا جبکہ 6 نے کہا اجتماعی استعفوں پر ہمارے جعلی دستخط ہیں۔

دوسری جانب سپیکر سے ملاقات کے بعد پی ٹی آئی کے رہنما سابق سپیکر اسد قیصر اور سابق ڈپٹی سپیکر قاسم سوری نے پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کا اقدام جانبدارانہ ہے۔ سپیکر  کے سامنے اپنا مؤقف رکھا۔ سپیکر سے پوچھا 11ایم این ایز کیا آپ کے پاس آئے تھے۔ اس کا سپیکر کے پاس کوئی جواب نہیں تھا۔

اسد قیصر نے کہا کہ شاہ محمود کے ساتھ دیگر اراکین نے اعلانیہ کہا کہ استعفے دے رہے ہیں۔ جاوید ہاشمی نے بھی شاہ محمود کی طرح اسمبلی میں استعفوں کا اعلان کیا تھا. ہم اسمبلی قواعد کے مطابق استعفے دستخط کر چکے تھے۔

انہوں نے کہا کہ قاسم سوری جب اسپیکر تھے استعفوں کی منظوری کا پراسس مکمل کیا تھا، ہم نے بتایا قاسم سوری استعفے منظور کرچکے ہیں۔

سابق اسپیکر نے مزید کہا کہ مطالبہ کرتے ہیں ملک میں فوری الیکشن کرائے جائیں، سپریم کورٹ نے کہا تھا جو فلور پر کہتا ہے اسکی بات درست ہے۔

علاوہ ازیں پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے شاہ محمود قریشی اور پرویزخٹک کو لاہور بلا لیا، دونوں پارٹی رہنما عمران خان سے آج زمان پارک میں ملاقات کریں گے۔

پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ عمران خان نے پرویز خٹک اور شاہ محمود قریشی کو استعفوں پر واضح مؤقف کے لیے بلایا ہے۔

ذرائع کے مطابق شاہ محمود قریشی اور پرویز خٹک کی آج استعفوں کے معاملے پر اسپیکر قومی اسمبلی سے ملاقات ہونی تھی لیکن دونوں رہنما اسپیکر قومی اسمبلی سے ہونے والی ملاقات میں شریک نہ ہوئے۔ شاہ محمود قریشی کی غیر موجودگی میں اسد قیصر نے وفد کی قیادت کی۔

عمران خان پارٹی کے اہم عہدیداروں سے آج استعفوں پر مشاورت کریں گے۔