عمران خان کو فارن فنڈنگ کیس کا فیصلہ اپنے خلاف آنے کا دھڑکا لگ گیا، کراچی جلسے میں بات کردی

عمران خان کو فارن فنڈنگ کیس کا فیصلہ اپنے خلاف آنے کا دھڑکا لگ گیا، کراچی جلسے میں بات کردی
عمران خان نے کہا ہے کہ فارن فنڈنگ کیس کے ذریعے کوشش کی جائے گی کہ تحریک باہر ہو جائے۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کا کیس بھی ساتھ ہی سنا جائے۔

سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پوچھنا چاہتا ہوں کہ میں نے ایسا کون سا جرم کیا تھا کہ رات 12 بجے میرے خلاف عدالتیں کھل گئیں۔ یہ بات ساری زندگی میرے دل میں رہے گی۔

کراچی میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ میں امریکا، یورپ یا بھارت کیخلاف نہیں بلکہ غلامی کیخلاف ہوں۔ میں پوچھنا چاہتا ہوں کہ میرے خلاف غیر ملکی سازش تھی یا مداخلت؟

عمران خان نے کہا کہ میں واحد سیاستدان ہوں جس کو سپریم کورٹ نے صادق اور امین قرار دیا۔ میں نے آج تک قانون یا آئین کی کوئی خلاف ورزی نہیں کی۔ کرکٹ کے میدان میں اپنی قوم کو کبھی مایوس نہیں کیا۔ میرا نام کبھی میچ فکسنگ میں نہیں آیا۔

پوچھنا چاہتا ہوں کہ میں نے ایسا کون سا جرم کیا تھا کہ رات 12 بجے میرے خلاف عدالتیں کھل گئیں۔ یہ بات ساری زندگی میرے دل میں رہے گی۔ کیا اس غیر ملکی سازشی خط کی تحقیقات نہیں کرنی چاہیے تھی؟ غیر ملکی سازش کا حصہ بن کر حکومت گرائی گئی۔ عوام آج اس سازش کیخلاف سڑکوں پر نکلے ہوئے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ امریکی آفیشل نے کہا کہ اگر عمران خان کیخلاف تحریک عدم اعتماد کامیاب نہ ہوئی تو پاکستان کیلئے مشکلات کھڑی ہو جائیں گی۔ ڈونلڈ لو نے ہمارے سفیر کو دھمکی دی۔ پھر اس کے بعد ہمارے منحرف اراکین کے ضمیر جاگ گئے۔ ہمارے منحرف لوگ امریکیوں کیساتھ بھی ملاقاتیں کرتے رہے۔ سپریم کورٹ کو تو اس پر سوموٹو ایکشن لینا چاہیے تھا کہ جب ان اراکین کا ضمیر خریدنے کیلئے ان کی قیمت لگ رہی تھی۔ لیکن دوسری جانب عدالت کا فیصلہ ہمارے ہاتھ پائوں باندھ دیتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں آج اپنے پاکستانیوں کو یہ پیغام دینا چاہتا ہوں کہ اگر یہ سازش کامیاب ہوگئی تو آئندہ ہمارا کوئی بھی وزیراعظم امریکی دھمکیوں کے آگے کھڑا نہیں ہو سکے گا۔

سابق وزیراعظم نے دعویٰ کیا کہ عدم اعتماد سے پہلے ہی پتا چل گیا تھا کہ میچ فکس ہو گیا۔ کیا میں منحرف اراکین کو واپس لانے کیلئے پیسہ خرچ نہیں کر سکتا تھا؟ لیکن میں نے ایسا نہیں کیا کیونکہ میں نے اللہ تعالیٰ کو جواب دینا ہے۔ اگر میں بھی پیسے دے دیتا تو اپنے اللہ کو کیا جواب دیتا؟

ان کا کہنا تھا کہ کیا جب اراکین کی منڈی لگی ہوئی تھی، اراکین کی خریدوفروخت ہو رہی تھی تو عدلیہ کو اس پر از خود نوٹس نہیں لینا چاہیے تھا۔ سوال کرتا ہوں کہ کیا غیر ملکی مراسلے کی تحقیقات نہیں ہونی چاہیے تھی۔ پاکستانی قوم میری ذمہ داری ہے میں اسے کسی غیر کی جنگ میں کیوں لے جائوں میں بوٹ پالش اور میر جعفر نہیں ہوں۔