واٹس ایپ کے اینڈرائیڈ صارفین کیلیے اہم سہولت ختم

رپورٹ میں بتایا گیا کہ اب تک واٹس ایپ بیک اپ ڈیٹا کے لیے گوگل ڈرائیو سٹوریج کی کوئی حد نہیں تھی۔ اب تک گوگل اکاؤنٹ کی 15 جی بی سٹوریج میں واٹس ایپ ڈیٹا کو کاؤنٹ نہیں کیا جاتا تھا۔ تاہم اب واٹس ایپ بیک اپ ڈیٹا گوگل سٹوریج استعمال کر رہا ہے۔

10:50 AM, 1 Feb, 2024

نیا دور

میٹا کی زیر ملکیت دنیا کی مقبول ترین انسٹنٹ میسیجنگ ایپلی کیشن واٹس ایپ کے صارفین کے لئے بری خبر آگئی۔ اگر آپ اینڈرائیڈ سمارٹ فون پر واٹس ایپ استعمال کرتے ہیں اور میسجنگ اکاؤنٹ پر بہت زیادہ تصاویر اور ویڈیوز آتی ہیں تو بہتر ہے کہ اب انہیں بیک اپ ڈیٹا میں محفوظ نہ ہونے دیں۔

اس کی وجہ یہ ہے کہ اب واٹس ایپ کا بیک اپ ڈیٹا آپ کی گوگل سٹوریج کی سپیس استعمال کرے گا۔

اینڈرائیڈ پولیس کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ اب تک واٹس ایپ بیک اپ ڈیٹا کے لیے گوگل ڈرائیو سٹوریج کی کوئی حد نہیں تھی۔

رپورٹ کے مطابق اب تک گوگل اکاؤنٹ کی 15 جی بی سٹوریج میں واٹس ایپ ڈیٹا کو کاؤنٹ نہیں کیا جاتا تھا مگر نومبر 2023 میں میٹا کی جانب سے اعلان کیا گیا تھا کہ 2024 کے شروع سے واٹس ایپ بیک اپ گوگل سٹوریج میں کاؤنٹ کیا جائے گا۔

تازہ ترین خبروں اور تجزیوں کے لیے نیا دور کا وٹس ایپ چینل جائن کریں

اب یہ وقت آگیا ہے اور صارفین کا واٹس ایپ بیک اپ ڈیٹا گوگل سٹوریج استعمال کر رہا ہے۔

اس بارے میں جاننے کے لیے گوگل اکاؤنٹ سٹوریج میں جاکر Other سیکشن پر کلک کریں۔ جہاں واٹس ایپ کے نام سے ایک نیا اضافہ نظر آئے گا۔

وہاں واٹس ایپ کے ڈیٹا کے آگے بنے ایرو پر کلک کرنے پر واٹس ایپ کا Manage Storage پیج اوپن ہو جائے گا۔جہاں آپ دیکھ سکیں گے کہ کونسی چیٹس اور فائلز نے گوگل سٹوریج میں جگہ گھیری ہوئی ہے۔

آپ بڑی میڈیا فائلز کو ڈیلیٹ کرکے اپنے واٹس ایپ چیٹ بیک اپ سٹوریج سپیس کو کم کر سکتے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق یہ تبدیلی چند افراد کے لیے کی گئی ہے اور بتدریج تمام صارفین کا بیک اپ ڈیٹا گوگل سٹوریج کا حصہ بن جائے گا۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ نومبر میں واٹس ایپ کا کہنا تھا کہ اس تبدیلی کے بارے میں صارفین کو 30 دن قبل آگاہ کیا جائے گا، مگر جن اکاؤنٹس میں یہ تبدیلی ہوئی، انہیں کوئی نوٹیفکیشن موصول نہیں ہوا۔

واٹس ایپ کے بیٹا (beta) صارفین کے لیے دسمبر 2023 میں ہی یہ تبدیلی کر دی گئی تھی۔

واضح رہے کہ گوگل اکاؤنٹس کے ساتھ 15 جی بی کی مفت کلاؤڈ سٹوریج ملتی ہے جو جی میل، ڈرائیو اور فوٹوز وغیرہ کے لیے استعمال ہوتی ہے۔

واٹس ایپ ڈیٹا کا بیک اپ اس وقت مددگار ثابت ہوتا ہے جب آپ اپنا فون تبدیل کرتے ہیں اور گوگل ڈرائیو کے ذریعے اس تک رسائی آسان ہوتی ہے۔

واٹس ایپ کی مقبولیت کو دیکھتے ہوئے یہ اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ اکثر صارفین کا بیک اپ ڈیٹا بھی کئی جی بی کا ہوگا، جو ان افراد کے لیے مسئلہ بن سکتا ہے جن کی گوگل سٹوریج پہلے ہی ختم ہونے کے قریب ہو۔

جب واٹس ایپ ڈیٹا کے لیے گوگل کی مفت سٹوریج کی گنجائش ختم ہوگی تو پھر صارفین کو گوگل ون (1) کے سبسکرپشن پلان کو انتخاب کرنے کی ہدایت کی جائے گی۔

گوگل اس طرح کی تبدیلی اپنی مقبول ایپ فوٹوز کے لیے بھی کرچکا ہے جس میں پہلے صارفین کو مفت لامحدود سٹوریج دستیاب تھی۔ مگر پھر اسے 15 جی بی سٹوریج تک محدود کر دیا گیا۔

مزیدخبریں